گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کو قوم کا خراج عقیدت

رام راجیہ کا خواب پورا کرنے متحدہ کوششوں کی ضرورت، 1.6 میٹر طویل مجسمہ کی نقاب کشائی
نئی دہلی ۔ 2 اکٹوبر (سیاست ڈاٹ کام) صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند، وزیراعظم نریندر مودی اور ملک کے سرکردہ قائدین نے آج گاندھی جی کو ان کی 148 ویں یوم پیدائش پر بھرپور خراج عقیدت پیش کیا اور عوام پر زور دیا کہ وہ بابائے قوم کے بے مثال نظریات کو اپنائیں۔ نریندر مودی نے راج گھاٹ اور وجئے گھاٹ پر گاندھی جی و سابق وزیراعظم لال بہادر شاستری کو گلہائے عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے گاندھی جینتی پر آنجہانی گاندھی جی کو خراج پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کے غیرمعمولی نظریات نے دنیا بھر میں لاکھوں عوام کو متاثر کیا ہے۔ انہوں نے ایک ٹوئیٹ میں لال بہادر شاستری کو بھی خراج پیش کیا اور کہا کہ وہ سپاہیوں اور کسانوں کیلئے ایک نمونہ تھے۔ صدرجمہوریہ رام ناتھ کووند نے بھی گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کو ان کی یادگاروں پر پہنچ کر خراج عقیدت پیش کیا۔ صدرجمہوریہ نے بھی ٹوئیٹ کیا کہ ان کے سچائی، عدم تشدد اور رواداری کے نظریات آج بھی اہمیت رکھتے ہیں اور ہمیں اخلاقی حوصلہ فراہم کرتے ہیں۔ نائب صدرجمہوریہ ایم وینکیا نائیڈو نے راج گھاٹ پر گاندھی جی کے 1.8 میٹر بلند مجسمہ کی نقاب کشائی انجام دی اور کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ گاندھی جی کے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کی متحدہ کوشش کریں۔ ایک ایسے رام راجیہ کیلئے جدوجہد کی جائے جہاں سب کو مساوی مواقع فراہم ہوں اور کسی کے ساتھ امتیازی سلوک روانہ رکھا جائے۔ کانگریس نائب صدر راہول گاندھی نے بھی گاندھی جی اور شاستری کو خراج پیش کیا اور عوام پر زور دیاکہ وہ بابائے قوم کے نظریات کا تحفظ کرنے کیلئے اپنی آخری سانس تک جدوجہد کا عہد کریں۔ انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ اپنی زندگی کی آخری سانس تک گاندھی جی کے نظریات پر قائم رہیں گے اور ان کا تحفظ کرتے رہیں گے۔ نریندر مودی اور لوک سبھا اسپیکر سمترا مہاجن نے دیگر ارکان پارلیمنٹ کے ہمراہ پارلیمنٹ ہاؤس کے سنٹرل ہال میں گاندھی جی اور شاستری کے پورٹریٹس پر پھول چڑھائے۔ اس موقع پر مرکزی وزراء راجناتھ سنگھ، ہرش وردھن، پرکاش جاودیکر، راجیہ سبھا میں قائد اپوزیشن غلام نبی آزاد اور لوک سبھا ڈپٹی اسپیکر ایم تھمبی دورائے نے بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ سینئر بی جے پی لیڈر اور سابق نائب وزیراعظم ایل کے اڈوانی اور لال بہادر شاستری کے ارکان خاندان نے بھی گاندھی جی اور لال بہادر شاستری کو خراج پیش کیا۔ منی پور گورنر نجمہ ہپت اللہ اور ٹاملناڈو گورنر سی ایچ ودیا ساگر راؤ کے علاوہ چیف منسٹر مغربی بنگال ممتابنرجی، چیف منسٹر منی پور این بیرن سنگھ اور چیف منسٹر ٹاملناڈو کے پلانی سوامی نے بھی گاندھی جی کو خراج عقیدت پیش کیا۔ گاندھی جی 2 اکٹوبر 1869ء کو پیدا ہوئے اور انہوں نے جدوجہد آزادی میں نمایاں رول ادا کیا۔