گاندھی بھون میں ٹکٹ کے دعویداروں کا احتجاج

حیدرآباد 8 اپریل ( آئی این این ) تلنگانہ کانگریس کا ہیڈ کوارٹر گاندھی بھون آج دھرنا چوک میں تبدیل ہوگیا جب ٹکٹ کے دعویداروں نے اپنے حامیوں کے ساتھ یہاں دھرنے منظم کئے ۔ لوک سھبا اور اسمبلی حلقوں کیلئے پارٹی ٹکٹس نہ ملنے پر کئی قائدین کی جانب سے گاندھی بھون میں احتجاج کیا گیا ۔ آج گاندھی بھون میں دھرنا منظم کرنے والوں میں شہر میں صنعت نگر اور چندرائن گٹہ اسمبلی حلقہ کے کارکنوں کے علاوہ محبوب نگر کے کولا پور اور جڑچرلہ حلقے کے کارکن اور کچھ محبوب نگر کے ورکرس بھی تھے ۔ ان ورکرس نے ملو روی کے خلاف نعرے لگائے ۔ اے پی مہیلا کانگریس کی سکریٹری رجنی دیوی کی قیادت میں خاتون کارکنوں نے بھی اکولا للیتا کو ٹکٹ نہ ملنے پر احتجاج منظم کیا ۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹکٹوں کے الاٹمنٹ میں پارٹی نے خواتین کے ساتھ ناانصافی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد کے حدود میں ایک بھی خاتون کو پارٹی ٹکٹ نہیں دیا گیا ۔