گاندھی بھون تا راج بھون کانگریس کی پد یاترا

واستو کے نام پر سرکاری خزانہ لٹانے پر احتجاج
حیدرآباد5 فروری (سیاست نیوز)صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر پنالہ لکشمیا نے چیسٹ ہاسپٹل کی منتقلی اور اسی مقام پر سکریٹریٹ کی نئی عمارت تعمیر کرنے کے خلاف کانگریس کی جانب سے بطور احتجاج 7 فبروری کو گاندھی بھون سے راج بھون تک پد یاترا منظم کرتے ہوئے گورنر کو یادداشت پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج گاندھی بھون میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ توہم پرستی کا شکار ہوکر ایک طرف چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راو سرکاری خزانہ لٹا رہے ہیں دوسری طرف تاریخی یادگار عمارتوں کو نقصان پہونچا رہے ہیں جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور حکومت کے اس فیصلہ کے خلاف 7 فبروری کو گاندھی بھون سے راج بھون تک بطور احتجاج پد یاترا کرتے ہوئے گور نر کو یادداشت پیش کی جائے گی صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ چیسٹ ہاسپٹل کی وقار آباد کو منتقل کرنے کا فیصلہ احمقانہ ہے اور ساتھ ہی واستو ٹھیک نہ ہونے کا بہانہ کرتے ہوئے سکریٹریٹ کو چیسٹ ہاسپٹل منتقل کرنا غیر دانشمندانہ فیصلہ ہے ۔ ٹی آر ایس حکومت اپنے انتخابی منشور کے ذریعہ عوام سے جو وعدے کئے گئے تھے اس پر عمل آوری کریں گریٹر حیدرآباد کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر عوام کو گمراہ کررہے ہیں ۔ حکومت دونوں فیصلوں سے فوری دستبردار ہوجائے بصورت دیر حکومت کے خلاف بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم شروع ہوجائے گی ۔ مسٹر پنالہ لکشمیا نے کہا کہ چیف منسٹر نے حیدرآباد کو کچرا قرار دیتے ہوئے اس کے عالمی امیج کو نقصان پہونچایا ہے جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور چیف منسٹر کو حیدرآبادیوں سے معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کرتی ہے ۔