ڈی ایم ای کو تحقیقات کی ہدایت ، وزیر صحت ڈاکٹر لکشما ریڈی کا سخت ردعمل
حیدرآباد26مارچ(یواین آئی)فرائض میں لاپرواہی پر گاندھی اسپتال کی دو نرسس کو معطل کردیا گیا ۔ان نرسوں نے اسپتال میں زیرعلاج بچوں کو مدت مکمل ہونے والے انجکشنس دیئے تھے جس کے سبب ان کی صحت بگڑ گئی تھی اورانہیں کئی پیچیدگیوں کا سامنا کرنا پڑا۔اس مسئلہ پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے تلنگانہ کے وزیرصحت طبابت ڈاکٹر کے لکشماریڈی نے ڈائرکٹوریٹ محکمہ طبی تعلیم رمنی کو اس معاملہ کی جانچ کروانے کی ہدایت دی ۔رمنی جنہوں نے اس معاملہ کی جانچ کی ، دو اسٹاف نرسس کو معطل کردیا اور اس تفصیلی جانچ کے لئے دو رکنی کمیٹی تشکیل دی۔انہوں نے کمیٹی سے اپیل کی کہ وہ اندرون دو دن تفصیلی رپورٹ پیش کرے ۔ ریاستی حکومت نے اس معاملہ میں جونیر ڈاکٹر کو میمو بھی جاری کیا ہے ۔مختلف میڈیا چینلس کی اطلاعات پر وزیر صحت ڈاکٹر کے لکشماریڈی نے اس معاملہ کی جانچ کے لئے ڈائرکٹر میڈیکل ایجوکیشن رمنی کو گاندھی اسپتال کے دورہ کی ہدایت دی تھی۔وزیر صحت کی ہدایت پر ڈی ایم ای رمنی نے آج اسپتال کا دورہ کیااور مدت ختم ہونے وا لے انجکشن دینے سے متاثر بچوں کے رشتہ داروں سے ملاقات کی۔ڈاکٹر رمنی نے انجکشن دینے والی دو اسٹاف نرسس شوبھا اورسنیتا کو معطل کرنے کا اعلان کیااور ڈیوٹی انجام دینے والے جونیر ڈاکٹر نوین سنگھ کو میمو جاری کیا۔بعدازاں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ڈی ایم ای رمنی نے واضح کیا کہ اسپتال میں مدت ختم ہونے والے انجکشن کا استعمال نہیں کیاجارہا ہے ۔یہ انجکشن ریاستی حکومت کی جانب سے سپلائی نہیں کئے گئے تھے ۔ یہ انجکشن باہر سے لائے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ یہ انجکشن اسپتال کس طرح پہنچے اس کی جانچ کے لئے دوماہر ڈاکٹرس کی کمیٹی تشکیل دی گئی ہے ۔دو دن کے اندر کمیٹی اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ اس کے بعد خاطیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔