ہوسٹن ۔ 28 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) امریکی کمپنی گارمین جہاں مقتول ہندوستانی انجینئر سرینواس برسرکار تھا، نے آج اس بات کو یقینی بنایا ہیکہ اپنے آنجہانی شوہر کی آخری رسومات میں شرکت کی بعد اس کی بیوہ دوبارہ امریکہ آسکے۔ یاد رہیکہ مقتول کی بیوی سنینا دومالا نے یہ اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ ان کے 32 سالہ شوہر کے قتل کے بعد ان کا (سنینا) سفری ویزہ غیرکارکرد ہوجائے گا اور اس طرح امریکہ میں رہائش اختیار کرنے وہ نااہل قرار دی جائیں گی۔ ایک پریس کانفرنس کے دوران سنینا نے کہا کہ گارمین کمپنی اس بات کو یقینی بنائے کہ میں اپنے شوہر کی آخری رسومات کے بعد امریکہ واپس آسکوں تاکہ میں اپنے آنجہانی شوہر کے خواب کی تکمیل کرسکوںجو ہمیشہ یہی چاہتے تھے کہ میں کسی بھی شعبہ میں ملازمت کرتے ہوئے کامیابی حاصل کروں۔