نئی دہلی۔ 27 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) حکومت نے آج کہا کہ گائے کے گوشت کی برآمدات پر کوئی سبسڈی فراہم نہیں کی جائے گی۔ کامرس اینڈ انڈسٹری وزارت کی وزیر نرملا سیتارامن نے راجیہ سبھا کو بتایا کہ حکومت کی جانب سے ایسے برآمد کنندگان کو ہرگز سبسڈی نہیں دی جائے گی جو گائے کے گوشت کو برآمد کرتے ہیں۔ موجودہ خارجہ صنعتی پالیسی کے مطابق بڑے جانور (گائے، بیل اور بچھڑا) کے گوشت کی برآمد پر پابندی ہے اور اس گوشت کو برآمد کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے نرملا سیتا رامن نے کہا کہ حکومت نے اب تک 180 درخواستوں کو مسلمہ قرار دیا ہے جنہوں نے اسٹارٹ اپ کی تشریح کے مطابق اپنی تجارتی سرگرمیوں سے متعلق دستاویزات داخل کی ہیں۔ اسٹارٹ اپ ایک ایسا عنوان ہے جس کے تحت سالانہ 25 کروڑ کے ٹرن اوور سے تجاوز نہ کرنے والے اداروں کو تجارت کا موقع دیا جاتا ہے۔