نئی دہلی ۔ یکم ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہاکہ بی ایس ایف کو ہند۔ بنگلہ دیش سرحد پر مویشیان بالخصوص گائے کی اسمگلنگ روکنے کیلئے اقدامات کرنا چاہئے ۔ انھوں نے کہاکہ بی ایس ایف کو کئی محاذوں پر کام کرنا ہوگا ، جہاں وہ بنگلہ دیش سے غیرقانونی مداخلت کاری کو روکنے کی کوشش کررہی ہے ، جعلی کرنسی اور نشیلی اشیاء کی اسمگلنگ سے نمٹا جارہا ہے وہیں سرحد پر گائے کی اسمگلنگ کو بہرصورت روکا جانا چاہئے ۔ ہندوستان اور بنگلہ دیش کی 4,096 کیلومیٹر طویل سرحد کی حفاظت بارڈر سکیورٹی فورس کے سپرد ہے ۔ وزیر داخلہ نے ملک کی سب سے بڑی سرحد کی حفاظت پر مامور بی ایس ایف کی ستائش کی ۔ انھوں نے کہا کہ بی ایس ایف نے 1971 ء میں پاکستان کے ساتھ جنگ کے دوران بھی اہم رول ادا کیا۔