گائے کا پیشاب لانے والی ہندوستانی خاتون پر جرمانہ

آکلینڈ ۔ 5 ۔ اکٹوبر : ( سید مجیب کی رپورٹ ) : ایک ہندوستانی نژاد خاتون کو نیوزی لینڈ میں کسٹم عہدیداروں نے 400 ڈالرس کا جرمانہ عائد کیا ہے کیوں کہ اس نے دو بوتلوں میں بھرے ہوئے گائے کے پیشاب کو کسٹم عہدیداروں سے چھپانے کی کوشش کی ۔ اس کے سامان کی تلاشی کے دوران خاتون نے دو بوتلوں میں بھرے ہوئے گائے کے پیشاب کو کسٹم عہدیداروں کو بتانے سے گریز کیا جس کے بعد اس پر 400 نیوزی لینڈ ڈالرس کا جرمانہ عائد کیا گیا ۔ خاتون نے ادعا کیا تھا گائے کے پیشاب میں طبی اثرات موجود ہیں تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ کوئی بھی مسافر ایسی اشیاء کو کسٹم عہدیداران کے سامنے ظاہر کرنے سے گریز کرے ۔ وزارت پرائمری انڈسٹریز کی وسطی خطہ کے ٹیم منیجر برائے بارڈر کلیرنس مسٹر انتھونی اوین نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی اشیاء ہمیں اکثر ملتی ہیں جن کا ثقافت ، مذہب یا روایتی ادویات سے تعلق ہوتا ہے ۔ تاہم ان اشیاء کو بھی سامان کا حصہ تصور کرتے ہوئے ڈکلیر کیا جانا چاہئے ۔