چھتیس گڑھ میں بڑے جانوروں کے ذبیحہ پر پابندی ، گوشت رکھنا بھی جرم
جگدلپور / نئی دہلی ۔ یکم ۔ اپریل : (سیاست ڈاٹ کام ) : چیف منسٹر چھتیس گڑھ رمن سنگھ نے کہا کہ ہم گائے ذبح کرنے والے کو پھانسی پر لٹکا دیں گے ۔ بی جے پی حکمرانی والی ریاست گجرات میں گاؤ کشی پر عمر قید کی سزاء کے قانون کی منظوری کے دوسرے دن چھتیس گڑھ کے چیف منسٹر نے کہا کہ جو لوگ چھتیس گڑھ میں ایسا کرنے کی ہمت کریں گے تو انہیں پھانسی پر لٹکا دیں گے اور میں سمجھتا ہوں کہ ان کی بات میں گذشتہ 15 سال میں ایسا کوئی واقعہ پیش آیا ہو کسی نے بھی گاؤ کشی کی ہمت نہیں کی ہے ۔ اگر کوئی ایسا کرے گا تو اسے پھانسی دیدیں گے ۔ رائے پور میں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے ایک سوال پر کہ آیا یو پی میں یوگی آدتیہ ناتھ کی طرح ان کی حکومت میں گاؤ کشی پر سخت ترین موقف اختیار کرے گی ۔ انہوں نے کہا کہ میری ریاست میں گائے ، بھینس ، بیل ، پاڑہ یا بچھڑا کاٹنے پر پابندی ہے حتی کہ ان کا گوشت رکھنے پر بھی پابندی ہے ۔ جانوروں کی ٹرانسپورٹ کے ذریعہ منتقلی بھی جرم ہے ۔ یہاں سے دوسری ریاستوں کو جانوروں کی منتقلی پر 7 سال جیل اور 50 ہزار روپئے جرمانہ ہے ۔ گجرات انیمل پریزرویشن ترمیمی بل کو کل ہی ریاستی اسمبلی کی جانب سے منظور کیا گیا ہے ۔ جس میں گاؤ کشی پر عمر قید کی سزا تجویز کی گئی ہے ۔ اس دوران مجلس رکن پارلیمنٹ اسد الدین اویسی نے بی جے پی پر الزام عائد کیا کہ وہ گوشت پر پابندی کے معاملہ کو مکرو فریب سے کام لے رہی ہے ۔ بی جے پی نے کہا کہ تھا کہ وہ شمال مشرقی ریاستوں میں گوشت پر پابندی کا مطالبہ نہیں کرے گی اور یو پی کی پالیسی کو اس علاقہ کی ریاستوں تک وسعت نہیں دے گی ۔ ان ریاستوں میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں ۔ بی جے پی کا یہ دوہرا معیار اور منافقت ہے ۔ ایک جگہ یو پی میں گائے اس کی ممی ہے اور شمال مشرقی ریاستوں میں یمی ( لذیذ ) ہے اس سے بی جے پی کا مکرو فریب واضح ہوجاتا ہے ۔ اسد الدین اویسی کے ریمارکس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے بی جے پی راجیہ سبھا رکن سبرامنیم سوامی نے کہا کہ یہ ’’ ممی ، یمی ‘‘کیا ہے ۔ اویسی کہتے ہیں کہ وہ دستور ہند پر ایقان رکھتے ہیں جب کہ آرٹیکل 48 میں گاؤ کشی کو ممنوع قرار دیا گیا ہے ۔ آخر انہیں دستور ہند پر اپنے ایقان کو واضح کرنا چاہئے یا انہیں چند آرٹیکلس پر اعتراض ہے تو اس کا اظہار کر کے دیکھیں ۔ اس کے بعد ہم کیا کرتے ہیں دکھائیں گے ۔ منی پور کے چیف منسٹر نے بھی اویسی کے بیان پر تنقید کی ۔۔