احمد نگر میں گائے منتقل کرنے والی ٹیمپو کے دو مالکین گرفتار
احمدنگر ۔7 اگسٹ ۔ ( سیاست ڈاٹ کام) پولیس نے کہا کہ احمدنگر کے قریب شری گونڈہ شہر میں گائیوں کو غیرقانونی طورپر مسلخ لیجانے والی ایک ٹیمپو کو پولیس کی جانب سے روکے جانے کے بعد ایک ہجوم نے گاؤ رکھشکوں کے گروپ کے 12 ارکان پر حملہ کردیا ۔ پولیس نے ہفتہ کی دوپہر ڈاؤنڈ ۔ احمدنگر روڈ پر ایک گاڑی کو روک لیا تھا اور اس کے مالکین واحد شیخ اور راجو فتو بھائی شیخ کو گرفتار کرلیا تھا ۔ ایک پولیس عہدیدار نے کہاکہ پونے کے ایک شخص شیواشنکر راجندر سوامی اور 11 گاؤ رکھشکوں کی ٹیم پولیس اسٹیشن پہونچی تھی جہاں ٹیمپو کے مالکین اور دوسروں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا تھا ۔ دونوں شیخ بھائیوں کی موجودگی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا کہ اس دوران سوامی اور دیگر گاؤ رکھشکوں نے پولیس سے کہا تھا کہ وہ گائیوں کو غیرقانونی طورپر منتقل کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کریں گے ۔ شری گونڈہ پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر بالاجی راؤ پوار نے کہاکہ سوامی اور دوسروں نے دعویٰ کیا کہ وہ اکھل بھارتیہ کرشی گاؤ سیواسنگھ سے تعلق رکھتے ہیں ۔ یہ کارکن جب شام کو پولیس اسٹیشن سے باہر نکلے اُن پر تقریباً 50 افراد کے ہجوم نے حملہ کردیا ۔ چند حملہ آور آہنی سلاخوں اور قصابوں کی طرف سے استعمال کئے جانے والے ستوروں سے لیس تھے ۔ پوار نے کہاہ اس حملے کے ضمن میں 36 افراد کے خلاف ہندوستانی تعزیری ضابطہ کی مختلف دفعات کے تحت ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد زخمی گاؤ رکھشک پونے واپس ہوگئے ۔ اس حملے کے ضمن میں تاحال کسی کو گرفتار نہیں کیا گیا ہے ۔