جئے پور ۔ /14 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مینکا گاندھی نے ہندوستان کے دنیا کا سب سے بڑا گائے کے گوشت کا برآمدکنندہ ملک ہونے پر تشویش کا اظہار کیا ۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ غیرقانونی گاؤ ذبیحہ کے ذریعہ حاصل ہونے والی رقم دہشت گرد سرگرمیوں میں استعمال کی جارہی ہے ۔ مینکا گاندھی نے جئے پور میں ایک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ہندوستان دنیا کا سب سے بڑا گائے کے گوشت کا برآمد کنندہ ملک ہے ۔ ہم جانوروں کو محض چمڑے کی پیداوار کیلئے ہلاک کررہے ہیں ۔ ہندوستان میں چین سے بھی زیادہ جانور ہلاک کئے جاتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ غیرقانونی طور پر جانوروں کو ذبح کرنے کے نتیجہ میں جو رقم حاصل ہوتی ہے وہ دہشت گردی کی نذر ہورہی ہے ۔ انہوں نے یہ جاننا چاہا کہ آخر ہم اس کی اجازت کیوں دے رہے ہیں ۔ یہ رقم دہشت گردی اور بم سازی میں خرچ ہورہی ہے ۔ اس رقم کے ذریعہ ہمیں ہلاک کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ اس کے لئے کسی مخصوص فرقہ کو موردالزام قرار نہیں دیا جاسکتا ۔ کیونکہ ایک فرقہ جانوروں کی بڑی تعداد کو فروخت کرتا ہے ، دوسرا فرقہ اسے ذبح کرتا ہے ۔ انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ جانوروں کی قربانی کو مخصوص مذہب یا فرقہ سے مربوط نہ کیا جائے۔