افواہوں پر کان نہ دھرنے عازمین حج سے حج کمیٹی کی اپیل
حیدرآباد ۔ 17 ۔ جولائی (سیاست نیوز) حج 2018 ء کے عازمین حج 2000 روپئے کی ہندوستانی کرنسی سعودی عرب لے جاسکتے ہیں۔ 2000 کی کرنسی لے جانے اور مکہ مکرمہ میں اس کی ریال سے تبدیلی پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ سنٹرل حج کمیٹی کے چیف اگزیکیٹیو آفیسر ڈاکٹر مقصود احمد خاں نے سرکلر جاری کرتے ہوئے وضاحت کی کہ سعودی عرب میں 2000 کی کرنسی کے چلن پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین حج کو فارن ایکسچینج مینجمنٹ ریگولیشن ایکٹ 2015 ء کے تحت طئے شدہ رقم لے جانے کے مجاز رہیں گے ۔ مقررہ رقم سے زائد کو لے جانے سے گریز کیا جانا چاہئے ۔ ریزرو بینک آف انڈیا نے سنٹرل حج کمیٹی کو بتایا کہ 2000 کی کرنسی نوٹ پر سعودی عرب میں کوئی پابندی نہیں ۔ واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے سوشیل میڈیا میں یہ اطلاعات گشت کر رہی تھی کہ 2000 کرنسی نوٹ پر سعودی عرب میں پابندی ہے ، لہذا عازمین حج کو 500 یا 100 روپئے کے کرنسی نوٹس ساتھ رکھنے چاہئے ۔ بعض گوشوں سے یہ تاثر دیا گیا کہ 2000 کے کرنسی نوٹ سعودی عرب میں تبدیل نہیں کئے جائیں گے ۔ ایسی صورت میں عازمین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے ۔ گزشتہ سال بھی حج کے موقع پر اسی طرح کی افواہوں کے سبب عازمین حج میں الجھن پیدا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔ سنٹرل حج کمیٹی نے ریزرو بینک آف انڈیا سے وضاحت طلب کرتے ہوئے سرکلر جاری کیا ہے ، اسی دوران اگزیکیٹیو آفیسر تلنگانہ حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ عازمین حج کو کرنسی کے سلسلہ میں تشویش میں مبتلا ہونے کی ضرورت نہیں۔ 2000 کی کرنسی گزشتہ سال بھی سعودی عرب میں ریال سے تبدیلی کیلئے قبول کی جاچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عازمین کرنسی کے معاملہ میں مقررہ حد کی پابندی کریں تو بہتر رہے گا۔ حکومت ہند کی تمام سرکاری کرنسی دنیا بھر میں قبول کی جاتی ہے۔