گنیش اتسو کمیٹی کے ساتھ ہفتہ کو اجلاس ، کمشنر جی ایچ ایم سی کی متعلقہ حکام سے بات چیت
حیدرآباد ۔ 27 اگست ( این ایس ایس ) جی ایچ ایم سی کے کمشنر دانا کشور نے 13ستمبر کو مقرر گنیش تہوار کے ضمن میں گنیش وسرجن اور جلوس کیلئے مقررہ وقت سے بہت پہلے ہی تمام انتظامات مکمل کرنے متعلقہ محکمہ جات کو ہدایت کی ہے ۔ انہوں نے آج منعقدہ اجلاس میں تمام زونل کمشنرس کو گنیش تہوار کے ضمن میں ترجیحی طور پر کاموں کے آغاز کی ہدایت کی اور کہاکہ 10ستمبر تک تمام انتظامات مکمل کرلئے جائیں ۔ انہوں نے زونل کمشنرس اور دیگر تمام متعلقہ عہدیداروں کو یہ ہدایت بھی کی کہ آئندہ دو دن میں ڈپٹی کمشنرس اورمتعلقہ محکموں کے عہدیداروں کے ساتھ خصوصی اجلاس طلب کیا جائے تاکہ گنیش جلوس سے متعلق تمام درکار معلومات جمع کی جائیں جس کے بعد ہی حیدرآباد ، سائبرآباد اور رچہ کنڈہ کے پولیس کمشنرس کے ساتھ انتظامات پر تفصیلی بات چیت کی جاسکے ۔ انہوں نے کہاکہ گنیش اتسو کمیٹی کے ذمہ داروں کے ساتھ ہفتہ کو سہ پہر 3بجے اجلاس طلب کیا جارہا ہے ۔ چنانچہ متعلقہ افسران کو اس روز 10بجے تک تمام ضروری معلومات تیار رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔ دانا کشور نے ان عہدیداروں کو ہدایت کی کہ وہ اپنے دائرہ کارکے تحت دیگر متعلقہ عہدیداروں کو بھی یکم ستمبر کو منعقد شدنی اجلاس میں شرکت کے بارے میں مطلع کریں ۔ ایڈیشنل کمشنر ( ٹریفک) انیل کمار اور ایڈیشنل کمشنر نظم و ضبط چوہان اور دیگر محکموں کے اعلیٰ عہدیداروں نے بھی اس اجلاس میں شرکت کی ۔ چوہان نے کہا کہ گنیش اتسو تہوار کے آغاز کے بعد تیسرے دن سے وسرجن شروع ہوجائے گا جس کیلئے تمام ضروری انتظامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے کہاکہ گنیش تہوار کے 9ویں روز محرم جلوس بھی ہوسکتا ہے جس کے پیش نظر شہریوں کی سہولت کیلئے تمام احتیاطی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ان موقعوں پر بلارکاوٹ برقی و آبرسانی کو یقینی بنایا جارہا ہے ۔