کے ٹی آر ، جگن موہن ریڈی کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کرینگے

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کی وزراء کے ساتھ شرکت پر فیصلہ
حیدرآباد۔29مئی (سیاست نیوز) کے ٹی راما راؤ کارگذار صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی 30مئی کو منعقد ہورہی وائی ایس جگن موہن ریڈی کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہیں کریں گے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ کارگذار صدر ٹی آر ایس مسٹر کے ٹی راما راؤ نے چیف منسٹر آندھرا پردیش کی حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے کیونکہ خود چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے کابینی رفقاء اور دیگر سینیئر قائدین کے ہمراہ شرکت کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ چیف منسٹر آندھرا پردیش وائی ایس جگن موہن ریڈی نے ملک بھر سے کئی سرکردہ قائدین کو اپنی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے مدعو کیا ہے اور پڑوسی ریاست تلنگانہ سے بہتر تعلقات کے لئے متعدد اقدامات کا بھی منصوبہ تیار کیا ہے ۔ جگن موہن ریڈی کی چیف منسٹر تلنگانہ اور افراد خاندان کے ساتھ ملاقات کے بعد یہ کہا جا رہاتھا کہ چیف منسٹر تلنگانہ اپنے تمام افراد خاندان کے ساتھ جگن کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے لیکن کار گذار صدر مسٹر کے ٹی راما راؤ نے حلف برداری تقریب میں شرکت نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ وہ ریاست میں موجود دیگر مصروفیات کو ترک نہیں کرسکتے اسی لئے وہ چیف منسٹر آندھراپردیش کی تقریب حلف برداری میں شرکت سے قاصر ہیں۔