حیدرآباد ۔ 14 نومبر ۔ ( سیاست نیوز ) حیدرآباد میٹرو ریل لمیٹیڈ کے سکیورٹی اُمور کی نگرانی کررہے عہدیدار مسٹر کے سی ریڈی ریٹائرڈ آئی پی ایس کو اقوام متحدہ کی جانب سے غزہ میں اقوام متحدہ کی عمارتوں پر ہوئے حملوں کی تحقیقات کیلئے تشکیل دی گئی پانچ رکنی ٹیم کا رکن نامزد کیا گیا ہے ۔ سکریٹری جنرل مسٹر بان کی مون کی جانب سے تشکیل دیئے گئے پانچ رکنی بورڈ میں مسٹر کے سی ریڈی کی شمولیت پر حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں نے مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جس عہدیدار کی خدمات پر اقوام متحدہ کے اس ادارہ کو یقین ہے ، وہی عہدیدار حیدرآباد میٹرو ریل کے سکیورٹی اُمور کے نگران ہیں۔ مسٹر کے سی ریڈی ریٹائرڈ آئی پی ایس سابق میں 14 سال اقوام متحدہ سکریٹری جنرل کے مشیر سلامتی رہ چکے ہیں اور اقوام متحدہ مشن کا سکیورٹی منصوبہ تیار کرنے میں کلیدی کردار ادا کرچکے ہیں۔ فی الحال مسٹر کے سی ریڈی حیدرآباد میٹرو ریل کے سکیورٹی منصوبہ کو قطعیت دینے میں مصروف ہیں اور وہ مسلسل محفوظ ترین سفر کو یقینی بنانے کیلئے حیدرآباد میٹرو ریل کے عہدیداروں کو مشورے فراہم کررہے ہیں۔