کے سی آر کے پاس ووٹس نہیں، دولت کی پوٹلیوں کا انبار ہے: چندرا بابو نائیڈو

ٹی آر ایس کی دولت کے باوجود گریٹر حیدرآباد میں عظیم اتحاد کے امیدوار کامیاب ہوں گے : صدر تلگودیشم کا روڈ شو سے خطاب
حیدرآباد 3 ڈسمبر (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے چندرشیکھر راؤ کے پاس ووٹس نہیں ہیں لیکن ان کے پاس ’دولت کی پوٹلیاں ‘ بے حساب ہیں۔ اس کے باوجود شہر میں مہا کوٹمی کے تمام امیدوار کامیابی حاصل کریں گے۔ آج فلم نگر میں حلقہ خیریت آباد اور جوبلی ہلز کے امیدواروں کی تائید میں روڈ شوز سے خطاب کرتے ہوئے صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھراپردیش چندرابابو نائیڈو نے مذکورہ اظہار کیا اور بتایا کہ اسمبلی انتخابات میں سرکاری اختیارات کا بیجا استعمال کیا جارہا ہے اور الیکٹرانک ووٹنگ مشینوں میں چھیڑ چھاڑ کئے جانے کی اطلاعات ہیں۔ مسٹر نائیڈو نے عوام سے رقومات کے عوض ووٹ دینے سے احتراز کرکے حقیقی و دیانتدار امیدواروں کو ووٹ دینے کی پرزور اپیل کی اور کہاکہ تلگو عوام کی ترقی کیلئے وہ دن رات کوشاں ہیں۔ نائیڈو نے دریافت کیاکہ آیا تلگودیشم نہ ہوتی تو چندرشیکھر راؤ کیسے سیاست میں آسکتے تھے۔ کمزور قیادت تلنگانہ میں بڑا مسئلہ بنی ہوئی ہے۔ انھوں نے کہاکہ ملک کے مفاد میں ملکر آنے والی سیاسی جماعتوں کے ساتھ آگے بڑھ کر ملک کا تحفظ کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت حکومت سے استفسارات کرنے والوں کو یہی حکومت انھیں جیل بھیج رہی ہے۔ چندرابابو نائیڈو نے کہاکہ کہیں بھی میٹنگس منعقد ہورہی ہیں تو وہاں ٹی آر ایس اور اس کے قائد کے سی آر کو وہ ہی (چندرابابو نائیڈو) دکھائی دے رہے ہیں جبکہ ان پر تنقید کرنے کے سوا کے سی آر کو دوسرا کوئی کام ہی نہیں ہے۔ قومی صدر تلگودیشم نے چندرشیکھر راؤ کے طرز عمل پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ اچھا کام کرنے پر وہ (کے سی آر) انہیں برداشت نہیں کرپارہے ہیں۔ انھوں نے مہا کوٹمی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاکہ کے سی آر کی زیرقیادت آمرانہ طرز حکومت کو انتخابات میں شکست بہرصورت ہوگی اور مہا کوٹمی ہی ریاست تلنگانہ میں حکومت تشکیل دینے کے فوری بعد ہر سال عوام میں چھ گیاس سلینڈرس مفت فراہم کئے جائیں گے۔ چیف منسٹر آندھراپردیش نے واضح طور پر کہاکہ محض ملک میں جمہوریت اور دستور ہند کا تحفظ کرنے کے لئے ہی تلگودیشم پارٹی اور کانگریس پارٹی کے مابین مفاہمت کی گئی ہے۔ انھوں نے تلنگانہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ کے سی آر نے اپنے دور اقتدار میں پرگتی بھون اور اپنے لئے فارم ہاؤز بنایا جبکہ ریاست میں مہا کوٹمی کے اقتدار پر آنے کے ساتھ ہی 5 لاکھ روپیوں کے مصارف سے عوام کو ڈبل بیڈ روم تعمیر کرواکر فراہم کرے گی۔