حیدرآباد 26 فروری (سیاست نیوز) سابق وزیر ڈی کے ارونا نے الزام لگایا کہ چیف منسٹر تلنگانہ کی فیملی آندھرائی کنٹراکٹرس سے ساز باز کے ذریعہ ریاست کو لوٹ رہی ہے۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ارونا نے کہاکہ اگر کانگریس تلنگانہ ریاست تشکیل دینے کا مطالبہ قبول نہ کرتی تو کے چندرشیکھر راؤ چیف منسٹر بن نہیں سکتے تھے۔ انھوں نے چیف منسٹر کو مشورہ دیا کہ وہ مندروں پر چڑھاوے اپنی ذاتی آمدنی سے پیش کریں۔ انھوں نے چیف منسٹر کو خبردار کیاکہ وہ اپنی زبان قابو میں رکھیں۔ انھوں نے کے چندرشیکھر راؤ کو یاد دلایا کہ اُنھوں نے ایس سی کو چیف منسٹر بنانے دلتوں کو 3 ایکر زمین دینے مسلمانوں اور قبائیل کو 12 فیصد تحفظات ہر کسی کو نوکری اور غریبوں کو ڈبل بیڈ روم فراہم کرنے کے وعدے کئے تھے۔ ڈی ارونا نے چیف منسٹر کو وارننگ دی کہ اگر وہ آئندہ چرب زبانی کا مظاہرہ کریں گے تو تلنگانہ کے عوام انھیں منہ توڑ جواب دیں گے۔