حیدرآباد 27 جون (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندرشیکھر راؤ کی آنکھ کا کل آپریشن کیا جارہا ہے۔ ممتاز ماہر امراض چشم دہلی ڈاکٹر سچدیو 26 جون کو ہی یہ آپریشن کرنے والے تھے لیکن اسے دو دن کے لئے ملتوی کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بعض ٹسٹوں کی رپورٹس میں تاخیر کے سبب یہ فیصلہ کرنا پڑا۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ ڈاکٹرس نے چیف منسٹر کے چندرشیکھر راؤ کو قیام دہلی کے دوران مکمل آرام کا مشورہ دیا تھا لیکن چیف منسٹر اِسے نظرانداز کرتے ہوئے دہلی سے ہی نظم و نسق کے اُمور سنبھالتے رہے۔ وہ تلنگانہ کی صورتحال کا جائزہ لیتے ہوئے متعلقہ عہدیداروں کو ضروری ہدایات دے رہے ہیں۔ چیف منسٹر دراصل این ڈی اے صدارتی امیدوار رام ناتھ کووند کے پرچہ نامزدگی داخل کرنے پروگرام میں حصہ لینے کے لئے دہلی گئے ہوئے ہیں۔ اِس کے ساتھ ساتھ اُنھوں نے آنکھ کا آپریشن کرانے کا ارادہ کیا۔ ماضی میں جس وقت چندرشیکھر راؤ مرکزی وزیر لیبر تھے، اُن کی ایک آنکھ کا دہلی میں ڈاکٹر سچدیو نے ہی آپریشن کیا تھا۔ اب وہی دوسری آنکھ کا بھی آپریشن کریں گے۔