کے سی آر کا کریم نگر میں پرتپاک استقبال

کریم نگر 5 اگسٹ (این ایس ایس) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندرشیکھر راؤ جو چیف منسٹر کے عہدہ پر فائز ہونے کے بعد آج کریم نگر پہونچے۔ اُن کا پرتپاک استقبال کیا گیا۔ مقامی خواتین نے روایتی بدکماں کے ساتھ اُن کا خیرمقدم کیا۔ ٹی آر ایس قائدین اور کارکنوں نے کے سی آر زندہ باد کے نعرے لگائے۔ مقامی سکھ برادری کے نمائندوں نے سکھ واڑی چوراہا پر چیف منسٹر کو تلوار پیش کی۔ بعدازاں چیف منسٹر کو جلوس کی شکل میں جلسہ گاہ تک لے جایا گیا۔ تاہم راستہ میں کانگریس کی طلبہ تنظیم این ایس یو آئی نے وقفہ وقفہ سے برقی سربراہی کی مسدودی پر کے سی آر کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور گھریلو صارفین کے علاوہ زرعی سرگرمیوں کے لئے بلا وقفہ برقی سربراہی کو یقینی بنانے کا مطالبہ کیا۔ اُس وقت صورتحال بے قابو ہوگئی جب ٹی آر ایس اور این ایس یو آئی کے کارکن ایک دوسرے کے خلاف متصادم ہوگئے۔ لیکن پولیس نے بروقت مداخلت کرتے ہوئے اُنھیں منتشر کردیا۔ چند کارکنوں کو حراست میں لیا گیا۔ چیف منسٹر نے کریم نگر میونسپل کارپوریشن کے دفتر کے احاطہ میں تعمیراتی کام کے لئے سنگ بنیاد رکھا۔ اُنھوں نے شجرکاری کی مہم میں حصہ لیتے ہوئے ایک پودا لگایا۔ بعدازاں کلکٹریٹ میں ضلع ترقیاتی پروگراموں کا جائزہ لیا۔