کے سی آر کا پا رٹی امیدواروں سے فون پر ربط

کائونٹنگ کی تکمیل تک چوکسی کی ہدایت
حیدرآباد۔ 10ڈسمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ کے چندر شیکھر رائو نے پارٹی امیدواروں اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ منگل کے دن رائے شماری کے موقع پر مکمل چوکسی برقرار رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے پھر ایک مرتبہ ٹی آر ایس کو آشیرواد دیا ہے۔ ووٹوں کی گنتی کے موقع پر امیدواروں کو چوکس رہنا چاہئے۔ کے سی آر نے تمام پارٹی امیدواروں سے فون پر بات چیت کی اور انہیں رائے شماری کے موقع پر اختیار کیئے جانے والے قواعد و ضوابط سے واقف کروایا۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی امیدواروں اور کارکنوں نے انتخابی مہم کے دوران کافی محنت کی ہے۔ انہیں رائے شماری کے وقت بھی چوکس رہنا چاہئے۔ عوام ٹی آر ایس کی حمایت میں ہیں اور ٹی آر ایس کا دوبارہ برسر اقتدار آنا یقینی ہے۔ کے سی آر نے مشورہ دیا کہ تجربہ کار قائدین کو رائے شماری کے مراکز پر متعین کیا جائے ۔ کائونٹنگ ایجنٹس کو پہلے ہی تربیت دی جائے تاکہ رائے شماری کے موقع پر کوئی غلطی نہ رہے۔ چیف منسٹر نے امیدواروں کو ہدایت دی کہ رائے شماری کی تکمیل پر کوئی جشن یا ریالی کا اہتمام نہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ رائے شماری کی تکمیل اور سرٹیفکیٹ حاصل کرنے کے بعد ہی امیدوار کو کائونٹنگ سنٹر سے نکلنا چاہئے۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کو عوام کی تائید حاصل ہوئی ہے۔