اقامتی اسکولوں کے ذریعہ غریب خاندانوں میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ
حیدرآباد۔ 29 اگست (سیاست نیوز) وزیر اینمل ہسبنڈری ٹی سرینواس یادو نے کہا کہ تمام طبقات کی بھلائی کے لیے چیف منسٹر کے چندر شیکھر رائو کی قیادت میں تلنگانہ حکومت کام کررہی ہے۔ غریب خاندانوں میں تعلیم کو عام کرنے کے لیے سرکاری سطح پر اقامتی اسکولس قائم کیے گئے۔ تمام طبقات کے لیے انگلش میڈیم اقامتی اسکول ملک بھر میں ٹی آر ایس حکومت کا کارنامہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقامتی اسکولوں میں کارپوریٹ طرز کی تعلیم فراہم کی جارہی ہے اور عوام اسکولوں میں اپنے بچوں کے داخلہ کے لیے غیر معمولی جوش و خروش کا مظاہرہ کررہے ہیں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ سبسیڈی پر دودھ دینے والی جانوروں اور مینڈھوں کی فراہمی اور مچھلی کے بچوں کو مفت سربراہ کیا جارہا ہے۔ سرینواس یادو نے سنگاریڈی کے محبوب ساگر تالاب میں رکن اسمبلی چنتاپربھاکر کے ہمراہ مچھلی کے بچوں کو چھوڑا۔ بعد میں انہوں نے استفادہ کنندگان میں بھینس اور بھیڑ تقسیم کیے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے کسانوں کے لیے کئی منفرد اسکیمات کا آغاز کیا ہے جس کا سہرا چیف منسٹر کے سی آر کے سر جاتا ہے۔ فی ایکڑ دو فصلوں کے لیے 8 ہزار روپئے کی فراہمی اور بیمہ اسکیم کا آغاز ملک میں اپنی نوعیت کا منفرد اقدام ہے۔ کوئی بھی ریاست زرعی شعبہ کے لیے اس طرح کی اسکیمات کی مثال پیش نہیں کرسکتی۔ انہوں نے اپوزیشن کو تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ کالیشورم پراجیکٹ کی تعمیر میں رکاوٹ پیدا کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے ہر انجینئر نے کالیشورم پراجیکٹ کے دورے کے بعد اس پراجیکٹ کی ستائش کی۔ انہوں نے دعوی کیا کہ تلنگانہ میں جب کبھی بھی انتخابات ہوں گے کانگریس دوبارہ برسر اقتدار آئے گی۔ انہوں نے اپوزیشن سے سوال کیا کہ وہ انتخابات سے خوفزدہ کیوں ہیں۔ کونگراکلان میں 2 ستمبر کو ہونے والے پرگتی نویدنا جلسہ عام میں عوام کی شرکت سے یہ ملک کی تاریخ کا بڑا جلسہ عام ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ جلسہ عام میں حکومت کی 4 سالہ کارکردگی کی رپورٹ عوام کے درمیان پیش کی جائے گی۔ سرینواس یادو نے عوام سے اپیل کی کہ وہ بھاری تعداد میں جلسہ عام میں شرکت کرتے ہوئے اسے کامیاب بنائیں۔