کے سی آر کے قیام دہلی میں دودن کی توسیع

صدر جمہوریہ،وزیر اعظم اور بی جے پی قائدین سے ملاقات کا منصوبہ

حیدرآباد ۔23 فروری (سیاست نیوز) صدر تلنگانہ راشٹر سمیتی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مزید دو یوم دہلی میں قیام کرتے ہوئے وزیراعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ ، صدرجمہوریہ مسٹر پرنب مکرجی کے علاوہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے شخصی طور پر ان تمام کا تشکیل تلنگانہ کے لئے راہیں ہموار کرنے پر اظہار تشکر کریں گے۔ بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ مزید دو یوم دہلی میں رہتے ہوئے صدرجمہوریہ کی جانب سے تلنگانہ بل کو منظوری دیئے جانے کے بعد حیدرآباد واپس ہونے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ کے علی الحساب بجٹ اجلاس میں شرکت کیلئے روانہ ہونے سے قبل صدر ٹی آر ایس نے اعلان کیا تھا کہ وہ آندھرا پردیش سے دہلی روانہ ہورہے ہیں اور واپس تلنگانہ میں ہی قدم رکھیں گے۔

باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب 25 فروری تک صدرجمہوریہ کی جانب سے مرکزی حکومت کے فیصلہ پر دستخط کردیئے جانے کی توقع ہے اور اس کے بعد ہی مسٹر کے چندر شیکھر راؤ حیدرآباد واپس ہوں گے۔ حیدرآباد واپسی پر صدر ٹی آر ایس کے پرتپاک خیرمقدم کے لئے تلنگانہ راشٹر سمیتی کی جانب سے بڑے پیمانے پر تیاریاں کی جارہی ہیں اور بتایا جاتا ہے کہ مسٹر کے سی آر شمس آباد ایرپورٹ سے سیدھے یادگار شہیدان تلنگانہ واقع گن پارک پہونچیں گے جہاں علیحدہ ریاست تلنگانہ کیلئے زندگیاں قربان کرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کے بعد تلنگانہ بھون کیلئے روانہ ہوں گے۔ چندر شیکھر راو نے یہ بھی کہا کہ سونیا گاندھی کی وجہ سے تلنگانہ کے قیام کو یقینی بنایا گیا۔