کے سی آر کے حلقہ گجویل میںہریش راؤ کی انتخابی مہم

کانگریس اور تلگودیشم پر تنقید، مختلف مقامات پر عام جلسوں سے خطاب
حیدرآباد۔/25 ستمبر،( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤنے کے سی آر کے حلقہ انتخاب گجویل میں دوسرے دن بھی ٹی آر ایس کی انتخابی مہم کو جاری رکھا۔ انہوں نے مختلف مقامات پر جلسوں سے خطاب کیا اور ریالی میں شرکت کی۔ ہریش راؤ کی موجودگی میں عوام نے کے سی آر کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے قرارداد منظور کرکے حلف لیا۔ گجویل اسمبلی حلقہ کے ایراولی گاؤں میں ہریش راؤ نے ٹی آر ایس کے جلسہ سے خطاب کیا۔ اس گاؤں کو کے سی آر نے ترقی کیلئے اپنایا ہے۔ رکن پارلیمنٹ کے پربھاکر ریڈی اور دیگر قائدین ہریش راؤ کے ہمراہ موجود تھے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ گجویل کی ترقی کیلئے چیف منسٹر نے کئی قدم اٹھائے ہیں۔ گجویل اسمبلی حلقہ کا انتخاب موقع پرستوں اور ترقی کے درمیان ہوگا۔ کانگریس و تلگودیشم موقع پرست اتحاد کے ذریعہ مقابلہ کرنے کی تیاری کررہے ہیں لیکن گجویل کے عوام ان کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ گجویل کے عوام کو ترقی اور بھلائی عزیز ہے۔ کے سی آر نے ہر گھر پینے کے پانی کی سربراہی کا انتظام کیا ہے۔ ہریش راؤ نے بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ کا کام 95 فیصد مکمل ہوچکا ہے اور پراجکٹ کی تکمیل کے بعد ریاست میں پانی کا مسئلہ مستقل طور پر حل ہوجائیگا۔