کے سی آر کی چیف الیکشن کمشنر سے آج دہلی میں ملاقات

تلنگانہ میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات پر واضح صورتحال اُبھرنے کا امکان

حیدرآباد۔ 26 اگست (این ایس ایس) تلنگانہ کے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنے مصروف ترین دورۂ نئی دہلی کے موقع پر دوشنبہ کو چیف الیکشن کمشنر سے ملاقات کریں گے جس کے بعد ہی تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کے انعقاد سے متعلق صحیح صورتحال واضح ہوجائے گی۔ چیف الیکشن کمشنر نے 7 مسلمہ قومی جماعتوں اور 51 علاقائی جماعتوں کا کل ایک اجلاس طلب کیا ہے جس میں رائے دہندوں کے ناموں کے اندراج اور فہرست رائے دہندگان کی تیاری وغیرہ جیسے موضوعات پر تبادلہ خیال بھی متوقع ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ جو نئی دہلی میں ہیں، مرکزی حکومت کے پاس زیرتصفیہ مختلف مسائل کی یکسوئی کیلئے ’’سرکاری مصروفیات‘‘ کے ایک حصہ کے طور پر وزیراعظم نریندر مودی اور چند مرکزی وزراء سے ملاقات کرچکے ہیں۔ کے سی آر 14 منشور مطالبات کے ساتھ دہلی روانہ ہوتے تھے لیکن وزیراعظم سے ملاقات کے دوران انہوں نے صرف تین اہم مسائل مخلوعہ جائیدادوں پر بھرتیوں کیلئے نئے زونل نظام کو منظوری، حکومت کے قرض کی حد میں اضافہ اور پسماندہ ضلعوں کی مالیاتی امداد چوتھی قسط کی اجرائی کو ہی اہمیت کے ساتھ اُجاگر کیا لیکن تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کی قیاس آرائیاں شدت سے جاری ہیں اور میڈیا بھی اس موضوع پھر کافی تشہیر کررہا ہے۔ میڈیا میں اس بات کی بھی غیرمعمولی قیاس آرائیاں کی گئی ہیں کہ چیف منسٹر کے سی آر کے دورۂ دہلی کا اصل مقصد اپنی ریاست میں مقررہ وقت سے پہلے انتخابات کے منصوبوں کو عملی شکل دینے کی کوشش کرنا ہے، لیکن وزیراعظم مودی سے ان کی ملاقات کے بعد متضاد اطلاعات منظر عام پر آئیں ہیں۔ بعض اطلاعات میں بتایا گیا ہے کہ وزیراعظم سے انہیں واضح تیقن نہیں مل سکا ہے چنانچہ اب سیاسی حلقوں میں یہ باتیں گشت کررہی ہیں کہ کل منعقد شدنی چیف الیکشن کمشنر کے اجلاس میں کے سی آر کی شرکت کے بعد ہی قبل از وقت انتخابات کے بارے میں صحیح صورتحال کا علم ہوجائے گا۔

۔4 دن انتظار کیجئے سب کچھ واضح ہوجائیگا : کے ٹی آر
ریاستی وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے تلنگانہ میں قبل از وقت اسمبلی انتخابات کے امکان سے متعلق قیاس آرائیوں پر صحیفہ نگاروں سے کہا کہ ’’میری اپیل ہے کہ (اس کے بارے میں) کچھ لکھنے یا سوالات کرنے کے بجائے 4 تا 10 دن انتظار کیجئے سب کچھ واضح ہوجائے گا ۔ پھر آپ سوال بھی کرسکتے ہیں اور ہم جواب دیں گے۔