کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت کا وعدوں کی تکمیل پر اقدامات

کمزور طبقات اور غریبوں کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح ، رکن پارلیمنٹ ونود کمار
حیدرآباد۔/3جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ ونود کمار نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت تلنگانہ کی تعمیرِ نو اور عوامی توقعات کے مطابق سنہرے تلنگانہ کے قیام کے مقصد سے آگے بڑھ رہی ہے۔ ونود کمار نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عوام نے نئی ریاست اور نئی حکومت سے کئی توقعات وابستہ کی ہیں اور چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت وعدوں کی تکمیل کے سلسلہ میں اقدامات کا آغاز کرچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کمزور طبقات اور غریبوں کی بھلائی حکومت کی اولین ترجیح رہے گی۔ اس کے علاوہ ریاست میں نئی صنعتوں کا قیام، نوجوانوں کیلئے روزگار کے مواقع اور برقی بحران کی یکسوئی پر بھی خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد تلنگانہ کے ساتھ ناانصافیوں کے مرکز کے رویہ کو ختم کرنے کیلئے چندر شیکھر راؤ ہر سطح پر کوشاں ہیں۔ انہوں نے مرکز سے مطالبہ کیا ہے کہ ریاست کی تنظیم جدید بل میں دیئے گئے تیقن کے مطابق تلنگانہ ریاست کی ترقی کیلئے مرکز خصوصی فنڈز فراہم کرے۔ اس کے علاوہ تلنگانہ کو خصوصی ریاست کا درجہ دیا جائے۔ ونود کمار نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر کیلئے کھمم کے 7منڈلوں کو آندھرا پردیش میں ضم کئے جانے سے متعلق آرڈیننس کی دستبرداری تک حکومت کی جدوجہد جاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس حکومت کی ایک ماہ کی کارکردگی سے عوام مطمئن ہیں کیونکہ حکومت نے ہر شعبہ میں اصلاحات کا عمل شروع کیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کریم نگر ضلع کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے وہ بحیثیت رکن پارلیمنٹ ہر ممکن اقدامات کریں گے۔ کریم نگر کے ہر گھر کو صاف پینے کے پانی کی سربراہی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ چندر شیکھر راؤ کی قیادت میں کریم نگر ایک ترقیافتہ ضلع میں تبدیل ہوگا۔ ونود کمار نے کریم نگر کے عوام کو یقین دلایا کہ بنیادی سہولتوں کی فراہمی پر نو منتخب کارپوریشن کی جانب سے اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے تلنگانہ میں کارپوریشنوں، ضلع پریشد اور مجالس مقامی پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ اس سے تلنگانہ کی ہمہ جہتی ترقی میں مدد ملے گی۔