کے سی آر کی سکیوریٹی میں اضافہ کردینے منموہن سنگھ کی ہدایت

صدر ٹی آر ایس کو دھمکی آمیز فون کال کے بعد اقدام ۔ ریاستی پولیس کو سنجیدگی سے نوٹ لینے کا مشورہ

حیدرآباد۔/27فبروری، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے سربراہ چندر شیکھر راؤ کو بعض نامعلوم افراد کی جانب سے دھمکیوں کے پیش نظر وزیر اعظم ڈاکٹر منموہن سنگھ نے ان کی سیکوریٹی میں اضافہ کی ہدایت دی ہے جس کے بعد نئی دہلی اور حیدرآباد میں کے سی آر کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیاگیا۔ پارلیمنٹ میں ریاست کی تنظیم جدید سے متعلق بل کی منظوری کے بعد بتایا جاتا ہے کہ بعض نامعلوم افراد کی جانب سے کے سی آر کو دھمکی آمیز فون کال موصول ہوئے۔ نئی دہلی میں وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران کے سی آر نے انہیں ان دھمکیوں کے بارے میں واقف کرایا جس کے بعد وزیر اعظم کے دفتر کی جانب سے ریاستی پولیس کے اعلیٰ عہدیداروں کو اس معاملہ کا سنجیدگی سے نوٹ لینے اور سیکوریٹی میں اضافہ کا مشورہ دیا گیا۔

وزیر اعظم کے دفتر کی مداخلت کے بعد کے سی آر کی سیکوریٹی میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ نئی دہلی میں ان کی قیامگاہ اور حیدرآباد میں ان کے ساتھ موجود سیکوریٹی جوانوں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا۔ فی الوقت چندر شیکھر راؤ کو 4+4 طرز کی سیکوریٹی حاصل ہے جس میں اضافہ کردیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ان کے ساتھ ایک اور بُلٹ پروف گاڑی کا اضافہ کردیا گیا۔ چندرشیکھر راؤ کے پاس سابق میں ڈرائیور کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے شخص کو دوبارہ ان کے پاس تعینات کیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پارلیمنٹ میں بل کی منظوری کے ساتھ ہی کے سی آر کو دھمکیوں کا آغاز ہوگیا۔ پارٹی کے دفتر اور ان کی قیامگاہ پر بھی اس طرح کے دھمکی آمیز کال وصول ہونے کی اطلاعات ملی ہیں۔ اس سلسلہ میں پولیس کو بھی آگاہ کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس بھی اپنے طور پر اس معاملہ کی جانچ کررہی ہے۔