خصوصی ٹرین کی اتوار کو روانگی ، 27 جون کو سنگ بنیاد، پروگرام کو قطعیت
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جون (سیاست نیوز) اجمیر میں حیدرآبادی رباط کی تقریب سنگ بنیاد کے سلسلہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے پروگرام کو قطعیت دیدی گئی ہے۔ اس کے علاوہ اجمیر کیلئے خصوصی ٹرین کے انتظامات مکمل ہوچکے ہیں۔ چیف منسٹر کے دفتر سے جاری کردہ پروگرام کے مطابق 27 جون کو دوپہر 1.45 بجے اجمیر میں کترا کے مقام پر رباط کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھا جائے گا ۔ چیف منسٹر سنگ بنیاد رکھنے کے بعد تقریب سے خطاب کریں گے۔ پروگرام کے مطابق چیف منسٹر خصوصی طیارہ سے صبح 9.30 بجے حیدرآباد سے روانہ ہوں گے اور 11.30 بجے دن کشن گڑھ ایرپورٹ پر طیارہ کی لینڈنگ ہوگی۔ سڑک کے راستہ چیف منسٹر کے سی آر اجمیر میں بارگاہ غریب نوازؒ پر حاضری دیں گے۔ دوپہر 12.15 بجے وہ درگاہ شریف پہنچیں گے اور خصوصی چادر پیش کرتے ہوئے منت کی تکمیل کریں گے۔ وقف بورڈ کی جانب سے تیار کردہ خصوصی غلاف پیش کیا جائے گا ۔ کے سی آر اپنی طرف سے نذرانہ بھی پیش کریں گے ۔ چیف منسٹر سرکاری گیسٹ ہاؤز میں نصف گھنٹے توقف کے بعد 1.45 بجے دن رباط کے مقام پر پہنچیں گے۔ سنگ بنیاد کی رسم کے بعد لنچ کا اہتمام رہے گا اور 4 بجے شام چیف منسٹر کا خصوصی طیارہ حیدرآباد کیلئے روانہ ہوجائے گا۔ چیف منسٹر کے ہمراہ ریاستی وزراء اور اہم قائدین خصوصی طیارہ میں اجمیر پہنچیں گے۔ دوسری طرف 1600 ٹی آر ایس قائدین پر مشتمل خصوصی ٹرین کاچیگوڑہ ریلوے اسٹیشن سے 24 جون کی رات 11 بجے اجمیر کیلئے روانہ ہوگی ۔ ڈپٹی چیف منسٹر محمد محمود علی جھنڈی دکھاکر خصوصی ٹرین کو روانہ کریں گے۔ ٹرین کے ہمراہ مینجنگ ڈائرکٹر اقلیتی فینانس کارپوریشن ایم اے وحید کو انچارج آفیسر کی حیثیت سے روانہ کیا جائے گا جو سفر کے دوران انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ خصوصی ٹرین 26 جون کو 11 بجے دن اجمیر پہنچے گی۔ ریلوے اسٹیشن سے 30 خصوصی بسوں کے ذریعہ ٹی آر ایس قائدین کو درگاہ کے شریف کے قریب میں واقع 4 منزلہ عمارت میں منتقل کیا جائے گا جہاں ان کا قیام رہے گا۔ چار منزلہ عمارت میں 2000 افراد کی گنجائش ہے اور یہ عمارت درگاہ کے زیر انتظام ہے۔ عمارت کے احاطہ میں ٹینٹ نصب کرتے ہوئے پکوان کا انتظام کیا جائے گا۔ 26 جون کو اس عمارت میں قیام کے بعد ٹی آر ایس قائدین کو خصوصی بسوں کے ذریعہ 27 جون کی دوپہر رباط کے تقریب سنگ بنیاد کے مقام پر لے جایاجائے گا۔ تقریب میں شرکت کے بعد وہیں پر لنچ کا انتظام رہے گا ۔ خصوصی ٹرین اسی دن یعنی 27 جون کو شام 7.00 بجے اجمیر سے روانہ ہوگی اور 29 جون کی صبح8.00 بجے حیدرآباد پہنچے گی۔ ہر ضلع سے شرکت کرنے والے قائدین کی تعداد کے اعتبار سے کوچ الاٹ کی جائے گی ۔ خصوصی ٹرین میں 20 کوچس رہیں گے اور ٹرین میں کھانے کا موثر انتظام کیا جارہا ہے۔ ہر کوچ میں ایک ڈسٹرکٹ میناریٹی ویلفیر آفیسر اور سیکوریٹی گارڈ ہوگا۔ ریلوے پروٹیکشن فورس کی خصوصی ٹیم بھی ٹرین میں موجود رہے گی۔ ٹرین میں سفر کرنے والوں کو شناختی کارڈ جاری کئے جارہے ہیں ۔ سکریٹری اقامتی اسکول سوسائٹی بی شفیع اللہ حیدرآباد میں رہ کر ٹرین کی واپسی تک کے انتظامات کی نگرانی کریں گے۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے سکریٹری دانا کشور ، ڈائرکٹر شاہنواز قاسم اور اگزیکیٹیو آفیسر حج کمیٹی پروفیسر ایس اے شکور بذریعہ طیارہ چیف منسٹر کی آمد سے ایک دن قبل اجمیر پہنچ کر انتظامات کی نگرانی کریں گے ۔ ٹی آر ایس کے اقلیتی عوامی نمائندے اور مختلف کارپوریشنوں کے صدور نشین بھی بذریعہ طیارہ روانگی کا پروگرام بناچکے ہیں۔ خصوصی ٹرین میں 31 اضلاع سے تعلق رکھنے والے ٹی آر ایس قائدین رہیں گے جن کے نام وزراء اور عوامی نمائندوں نے پیش کئے ہیں۔ کوئی بھی اہم قائد ریاستی وزیر یا عوامی نمائندہ ٹرین میں سفر نہیں کرے گا۔ محکمہ اقلیتی بہبود کے عہدیداروں کی دو ٹیمیں گزشتہ چند دنوں سے اجمیر میں انتظامات میں مصروف ہیں۔