کے سی آر کی برہمی سے قائدین حیرت میں، منتظمین پر ناراضگی

حیدرآباد۔/27 اپریل، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس پلینری کے آغاز پر چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کے غصہ کو دیکھ کر پارٹی قائدین حیرت میں پڑ گئے۔ تاہم کچھ دیر بعد چیف منسٹر کا غصہ کم ہوا۔ پلینری سیشن کی کارروائی چیف منسٹر کے سی آر خود چلا رہے تھے۔ انہوں نے خیرمقدمی تقریر کیلئے سابق وزیر بسواراج ساریا کو دعوت دی، اُن کے بعد چیف منسٹر کا مائیک بند ہوگیا انہوں نے مائیک بند ہونے پر برہمی کا اظہار کیا اور یہاں تک کہہ دیا کہ یہ کوئی اجلاس ہے یا تماشہ کررہے ہو۔ چیف منسٹر کی اس برہمی سے منتظمین دوڑ دھوپ کرنے لگے تاکہ مائیک سسٹم کو درست کیا جائے۔ چیف منسٹر نے بعض فلڈ لائیٹس اور ایر کنڈیشن بند کرنے کی ہدایت دی۔ اس ہدایت پر فوری عمل نہ کئے جانے پر کے سی آر دوبارہ برہم ہوگئے اور منتظمین کو مخاطب ہوکر کہاکہ یہ کیا تماشہ ہورہا ہے۔ مائیک میں ایکو سسٹم پر بھی چیف منسٹر ناراض دکھائی دیئے جس کے بعد مائیک کو درست کردیا گیا اور شہ نشین کے ایر کنڈیشن بند کردیئے گئے۔