کے سی آر کیا صرف ٹی آر ایس کے چیف منسٹر

ای راجندر کی لغزش پر ایوان میں قہقہے
حیدرآباد۔/11نومبر، ( سیاست نیوز) چندر شیکھر راؤ کیا صرف ٹی آر ایس کے چیف منسٹر ہیں؟۔ یہ سوال آج اسمبلی میں اسوقت اُٹھا جب وزیر فینانس ای راجندر بار بار ’’ ہمارے چیف منسٹر‘‘ کہتے ہوئے چندر شیکھر راؤ کا حوالہ دے رہے تھے۔ وقفہ سوالات میں اپوزیشن کے ضمنی استفسارات کا جواب دیتے ہوئے وزیر فینانس ایک مرحلہ پر جذباتی ہوگئے اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی عوامی بھلائی کے بارے میں سنجیدگی کا دعویٰ کیا۔ انہوں نے چیف منسٹر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’ ہمارے چیف منسٹر‘ ( ما مکھیہ منتری ) کہا، جس پر تلگودیشم ارکان نے اعتراض کیا اور پوچھاکہ کیا کے سی آر صرف ٹی آر ایس کے چیف منسٹر ہیں یا پھر ریاست کے۔ اس پر وزیر فینانس نے فوری اپنی غلطی درست کرتے ہوئے کہا کہ ’’ ہم تمام کے چیف منسٹر ‘‘ (منا مکھیہ منتری ) کہا۔ استفسارات کے جواب میں وزیر فینانس نے بار بار اسی غلطی کو دہرایا اور اپوزیشن ارکان انہیں بار بار ٹوکتے رہے۔ اس پر ایوان میں قہقہے گونجنے لگے۔ اس صورتحال سے پریشان وزیر فینانس نے تلگودیشم ارکان کو جوابی ریمارک میں کہاکہ کے سی آر تو ریاست کے چیف منسٹر ہیں لیکن میں سمجھ رہا تھا کہ شاید آپ کے چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو ہیں۔