کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی کا دعویٰ، کے سی آر کے دعوے عوام نے مسترد کردیئے
حیدرآباد ۔ 23۔ مئی (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر کو چیلنج کرتے ہوئے میں نے حلقہ بھونگیر سے اپنے بھائی کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کو کامیابی دلائی ہے۔ رائے شماری کے اختتام پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کہا کہ کے سی آر اور کے ٹی آر نے ان کے بھائی کو کھوٹہ سکہ قرار دیا تھا لیکن بھونگیر میں یہی کھوٹہ سکہ چل گیا اور عوام نے ٹی آر ایس کو مسترد کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عوام نے کے سی آر کی دختر کو نظام آباد میں کھوٹہ سکہ میں تبدیل کردیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اسمبلی انتخابات میں دھاندلیوں کے ذریعہ ٹی آر ایس نے کامیابی حاصل کی تھی لیکن لوک سبھا چناؤ میں رائے دہندوں نے چوکسی کے ساتھ اپنے شعور کا مظاہرہ کیا ۔ کے سی آر 16 نشستوں پر کامیابی کا دعویٰ کر رہے تھے لیکن ان کا دعویٰ غلط ثابت ہوا ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ نلگنڈہ ضلع میں ضلع پریشید صدور نشین کی تینوں نشستوں پر کانگریس کامیابی حاصل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ مجالس مقامی کی کونسل نشست پر کومٹ ریڈی لکشمی کی کامیابی یقینی ہے۔ کومٹ ریڈی ، راج گوپال ریڈی نے کہا جمہوریت کا قتل کرنے والے کے سی آر کو تلنگانہ عوام نے سبق سکھایا ہے۔