کے سی آر کو زمین پر ناک رگڑنے راج گوپال ریڈی کا چیلنج

16 نشستوں پر کامیابی نہیں ہوگی، ٹی آر ایس کے تمام امیدوار ڈمی
حیدرآباد ۔ 20۔ مارچ (سیاست نیوز) کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی نے کے سی آر اور کے ٹی آر کو چیلنج کیا کہ وہ لوک سبھا کی 16 نشستوں پر کامیاب ہوکر دکھائیں جس کا کہ وہ دعویٰ کر رہے ہیں۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے راج گوپال ریڈی نے کہا کہ وہ دونوں قائدین سے مطالبہ کرتے ہیں کہ اگر ان میں ہمت ہو تو چیلنج کو قبول کریں۔ انہوں نے کہا کہ 16 نشستوں پر کامیابی نہ ملنے کی صورت میں کیا کے سی آر زمین پر ناک رگڑنے کیلئے تیار ہیں۔ اگر انہیں ہمت ہو تو دونوں اس چیلنج کو قبول کر کے دکھائیں۔ راج گوپال ریڈی نے کہا کہ وہ 16 لوک سبھا نشستوں کے معاملہ میں کسی بھی چیلنج کو قبول کرنے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی نے کانگریس سے فائدہ اٹھایا اور عارضی فائدوں اور لالچ کے تحت موقع پرستی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھونگیر اور نلگنڈہ کے علاوہ بیشتر حلقوں پر کانگریس کی کامیابی یقینی ہے۔ راج گوپال ریڈی نے کے سی آر کے اس بیان کو مضحکہ خیز قرار دیا جس میں وہ عوام سے اپیل کر رہے ہیں کہ امیدواروں کا چہرہ نہ دیکھیں بلکہ ان کی صورت سے پارٹی کو کامیابی دلائیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر نے اپنے تمام امیدواروں کو ڈمی بنادیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اپنے رویہ کے سبب ڈکٹیٹر کا رول ادا کر رہے ہیں۔