کے سی آر کا ہٹلر سے تقابل ، چندرا بابو کے فرزند کے خلاف مقدمہ

حیدرآباد۔18۔نومبر (پی ٹی آئی) آندھراپردیش کے چیف منسٹر نارا چندرا بابو نائیڈو کے فرزند نارا لوکیش کے خلاف حیدرآباد سٹی پولیس نے ایک مقدمہ درج کرلیا ہے۔ نارا لوکیش نے ٹوئیٹر پر ایک پیام پوسٹ کیا تھا جس میں پولیس کے مطابق انہوں (لوکیش) نے تلنگانہ کے چیف منسٹر کالوا کنٹلہ چندر شیکھر راؤ کا مبینہ طور پر ہٹلر سے تقابل کیا تھا۔ ٹی آر ایس کے شعبۂ طلباء تلنگانہ راشٹرا سمیتی ودھیارتھی وبھاگم کے ایک لیڈر وی رام نرسمہا گوڑ نے اس ضمن میں ایل بی نگر پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی تھی اور تلنگانہ کے چیف منسٹر کو جرمن ڈکٹیٹر اڈالف ہٹلر سے تقابل کے ذریعہ بدنام کرنے کی کوششوں پر لوکیش کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی خواہش کی تھی۔ گوڑ نے کہا کہ لوکیش نے ٹوئیٹر کے ایک اور پیغام میں الزام عائد کیا تھا کہ تلنگانہ حکومت روڈیوں کی طرف سے چلائی جارہی ہے۔ ایل بی نگر پولیس اسٹیشن کے انسپکٹر ای سرینواس ریڈی نے کہا کہ ’’یہ شکایت قانونی رائے کے حصول کیلئے روانہ کی گئی ہے، جواب موصول ہونے کے بعد نقس امن ، اشتعال انگیزی کے دانستہ ارادہ کے ساتھ توہین کے علاوہ غلط بیان بازی اور عوام میں شر پھیلانے کیلئے افواہیں گشت کرانے سے متعلق الزامات کے تحت مقدمات درج کئے جائیں گے ۔ ایک سوال پر کہ آیا اس ضمن میں لوکیش سے پوچھ گچھ کی جائے گی ؟ اس پولیس افسر نے کہا کہ مزید تحقیقات کیلئے اب یہ کیس سائبر آباد پولیس اسٹیشن کو منتقل کیا جارہا ہے جس کی مزید تحقیقات جاری ہے۔