کے سی آر کا آئندہ ماہ مصروف ترین دورہ دہلی

تیسرے محاذ پر تبادلہ خیال ، ارکان راجیہ سبھا کی حلف برداری میں شرکت
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز): صدر تلنگانہ راشٹرا سمیتی و چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راؤ توقع ہے کہ 3 اپریل کو دہلی روانہ ہوں گے ۔ بتایا جاتا ہے کہ دہلی میں اپنے قیام کے دوران تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے نو منتخبہ تین ارکان راجیہ سبھا کی حلف برداری تقریب میں شرکت کریں گے ۔ بعد ازاں سمجھا جاتا ہے کہ تیسرے متبادل محاذ کے سلسلہ میں مختلف جماعتوں کے قائدین سے بھی ملاقات کریں گے ۔ چندر شیکھر راؤ دہلی میں قیام کے موقع پر بعض مرکزی وزراء سے بھی ملاقات کر کے ریاست تلنگانہ کے بعض زیر التواء مسائل پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کریں گے ۔ ان کے ہمراہ پارٹی کے چند اہم قائدین کیشو راؤ ، کے کویتا ، ڈپٹی چیف منسٹرس اور بعض وزراء کے علاوہ نو منتخبہ ارکان پارلیمان بی پرکاش مدیراج ، بی لنگیا یادو اور جے سنتوش کمار بھی موجود رہیں گے ۔۔

چندرا بابو بھی محاذ کے قیام کی کوششوں میں مصروف ؟
حیدرآباد ۔ 24 ۔ مارچ : ( سیاست ڈاٹ کام ) : ایک ایسے وقت جب تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے صدر اور ریاستی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اپنی پارٹی کے تین نو منتخب ارکان راجیہ سبھا کی حلف برداری تقریب میں شرکت کیلئے 3 اپریل کو دورہ نئی دہلی کے موقع پر تیسرے سیاسی محاذ پر مختلف قومی و علاقائی قائدین سے ملاقات کریں گے ۔ تلگو دیشم پارٹی کے صدر اور آندھرا پردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو بھی 2019 کے عام انتخابات میں کانگریس اور بی جے پی سے مقابلے کیلئے قومی محاذ کی تشکیل کے امکانات پر اپنے دیرینہ دوست قومی قائدین سے رابطہ میں ہیں ۔۔