کے سی آر کابینہ میں توسیع اور ردوبدل کا امکان

حیدرآباد۔/23ستمبر، ( این ایس ایس ) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے منگل کے دن اعلان کیا تھا کہ 22اکٹوبر دسہرہ فیسٹول کے بعد نامزد عہدوں پر تقررات عمل میں لائے جائیں گے۔ اس اعلان کے بعد یہ قیاس آرائیاں ہورہی ہیں کہ ریاستی کابینہ میں توسیع اور ردوبدل ممکن ہے۔ ٹی آر ایس پارٹی حلقوں میں قیاس آرائی ہورہی ہے کہ چیف منسٹر اپنی کابینہ میں دسہرہ تہوار سے قبل یا بعد توسیع اور ردوبدل عمل میں لائیں گے۔ ریاستی کابینہ میں ردوبدل کی قیاس آرائیاں ایک عرصہ سے جاری ہیں۔ کابینہ میں 3 نئے چہروں کو شامل کیا جائے گا اور 3 وزراء کو ہٹایا جائے گا۔ یہ بھی بتایا جارہا ہے کہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ اپنی کابینہ میں ایک یا دو خواتین کو نمائندگی دینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اب تک تلنگانہ کابینہ میں کسی خاتون کو نمائندگی نہیں دی گئی۔ اس سلسلہ میں کئی گوشوں سے تنقیدیں ہورہی تھیں۔ چیف منسٹر نے خود ایک مرتبہ برسر عام اعلان کیا تھا کہ رکن اسمبلی کے ایشور کو وزیر بنایا جائے گا۔

 

سرینواس یادو وزارت کے
اہل نہیں : تلگودیشم
حیدرآباد۔ /23ستمبر، ( این ایس ایس ) تلنگانہ تلگودیشم فلور لیڈر ای دیاکر راؤ نے آج کہا کہ ٹی سرینواس یادو کسی بھی وزارت کیلئے اہل نہیں ہیں۔ سرینواس یادو کے سی آر کابینہ میں شامل ہیں۔ اسمبلی بزنس اڈوائزری کمیٹی اجلاس کے بعد اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اس معاملہ پر گورنر کی خاموشی معنی خیز ہے۔ تلگودیشم نے اپنے منحرفین کے خلاف احتجاج کیا ہے لیکن گورنر نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے حکومت پر الزام عائد کیا کہ وہ کسانوں کی خودکشی پر معاندانہ رویہ رکھتی ہے۔