حیدرآباد 22 جون ( آئی این این ) کانگریس مقننہ پارٹی کے وہپ اے سمپت کمار نے آج الزام عائد کیا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے خانگی میڈیکل کالجس کو داخلوں کے نام پر والدین اور طلبا سے پیسہ بٹورنے کا لائنسنس دیدیا ہے ۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کہ تلنگانہ حکومت نے تمام مینجمنٹ کوٹہ نشستوں کو یکجا کرکے 35 فیصد پر مشتمل ایک پول بنادیا ہے جسے خانگی میڈیکل کالجس خود اپنے انٹرنس ٹسٹ کے ذریعہ پر کر رہے ہیں۔ مزید یہ کہ خانگی میڈیکل کالجس میں مینجمنٹ کوٹہ کی نشستوں کی فیس 2.5 لاکھ سے بڑھا کر 9 لاکھ کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے داخلوں کے سابقہ عمل میں تبدیلیاں کرکے خانگی میڈیکل کالجس کو میڈیکل نشستیں فروخت کرنے کا لائسنس دیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نئے طریقہ کار سے ایس سی ‘ ایس ٹی ‘ بی سی واقلیتی طبقات کے میرٹ رکھنے والے طلبا کو میڈیکل کالجس میں داخلہ نہیں مل پائیگا ۔