کے سی آر میں سونیا گاندھی کا سامنا کرنیکا حوصلہ نہیں

حیدرآباد۔/23 مئی، ( سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن اسمبلی جی چناریڈی نے کہا کہ بی جے پی کے ایجنٹ کی طرح کام کرنے والے چیف منسٹر تلنگانہ صدر کانگریس راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کا سامنا کرنے کے اہل نہیں ہیں جس کی وجہ سے انہوں نے کمارا سوامی کی حلف برداری تقریب میں شرکت سے گریز کیا۔ آج گاندھی بھون میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جی چنا ریڈی نے کہا کہ کانگریس کے تعاون سے جے ڈی ایس کے قائد کمارا سوامی نے بحیثیت چیف منسٹر حلف لیا ہے۔ کرناٹک میں کانگریس اور جے ڈی ایس کی مشترکہ حکومت تشکیل پائی ہے لیکن سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے منہ چھپانے والے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایک دن قبل ہی بنگلور پہنچ کر کمارا سوامی کو مبارکباد پیش کی اور تھرڈ فرنٹ کی حکمت عملی کامیاب ہونے کا دعویٰ کیا جو مضحکہ خیز ہے۔ کرناٹک میں قائم ہوئی حکومت میں کانگریس کا اہم رول ہے۔ کانگریس دوسری بڑی جماعت بن کر اُبھرنے کے باوجود بی جے پی کو اقتدار سے دور رکھنے کیلئے کانگریس نے کمارا سوامی کو چیف منسٹر بنانے سے اتفاق کیا ہے۔ کے سی آر جن قائدین کو تھرڈ فرنٹ کا حصہ قرار دینے کی کوشش کررہے ہیں وہ تمام قائدین کانگریس کے ساتھ ہیں اور یو پی اے کے حلیف بھی ہیں۔ کانگریس کے قائد نے چیف منسٹر تلنگانہ کو بی جے پی کا ایجنٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ کے سی آر کا چیف منسٹر بننا سونیا گاندھی کی مرہون منت ہے۔ تلنگانہ ریاست تشکیل دینے والی کانگریس کا تلنگانہ سے صفایا کرنے کا چیف منسٹر خواب دیکھ رہے ہیں اور مقامی اداروں کے مجوزہ انتخابات کے پیش نظر حکومت تلنگانہ نے کسانوں کیلئے سرمایہ کاری اسکیم کا آغاز کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ رعیتو بندھو اسکیم نہیں ہے بلکہ ووٹ بندھو اسکیم ہے ۔ کاشت پر اقل ترین قیمت فراہم کی گئی تو جو سرمایہ کاری اسکیم سے رقم ادا کی جارہی ہے اس سے زیادہ کسانوں کو رقم حاصل ہوگی۔