حیدرآباد 19 اپریل ( این ایس ایس ) کانگریس کی اسٹار لیڈر وجئے شانتی نے آج حیرت کا اظہار کیا کہ انتخابات سے قبل ملک بھر میں وفاقی محاذ کے حق میں کوششیں کرنے والے چیف منسٹر تلنگانہ کے چندر شیکھر راو ریاست میں رائے دہی کے بعد اس تعلق سے خاموش ہوگئے ہیں۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ رائے دہی سے قبل کے سی آر نے چیف منسٹر اوڈیشہ نوین پٹنائک ‘ چیف منسٹر مغربی بنگال ‘ چیف منسٹر کرناٹک اور دوسرے چیف منسٹرو ں سے تیسرے محاذ کے تعلق سے ملاقاتیں کی تھیں لیکن اب ریاست میں رائے دہی کے اختتام کے بعد وہ اس تعلق سے خاموش ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر اگر تیسرے محاذ کیلئے سنجیدہ ہوتے تو وہ ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے لیڈر اسٹالن ‘ بنگال میں ممتابنرجی اور کرناٹک میں کمارا سوامی کے حق میں انتخابی مہم چلاسکتے تھے ۔ کے سی آر نے یہ دعوی کیا تھا کہ کرناٹک میں جے ڈی ایس حکومت نے ان کی اسکیمات کی نقل کی ہے ۔ ایسی صورت میں کے سی آر کو کمارا سوامی کی تائید میں مہم چلانی چاہئے تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں رائے دہی کی تکمیل کے بعد چندر شیکھر راو تیسرے محاذ کے خیال سے دستبرداری اختیار کرچکے ہیں۔