حیدرآباد 3 ستمبر ( این ایس ایس ) یہ الزام عائد کرتے ہوئے کہ چیف منسٹر عوام کو دھوکہ دے رہے ہیں تلنگانہ پردیش کانگریس کے ورکنگ صدر ملو بٹی وکرامارکا نے یہ واضح کیا کہ اگر ٹی آر ایس حکومت نے اپنی سیاسی ضروریات کیلئے نئے اضلاع تشکیل دئے تو کانگریس پارٹی خاموش نہیں بیٹھے گی ۔ انہوں نے اندرا پارک پر پہونچ کر جنگاوں اور گدوال کو ضلع بنانے کے مطالبہ پر بھوک ہڑتال کر رہے پارٹی قائدین ڈی کے ارونا اور پنالہ لکشمیا سے اظہار یگانگت کیا ۔ مسٹر وکرامارکا نے بھوک ہڑتال کے کیمپ سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ حکومت اضلاع کی تنظیم جدید کیلئے رہنما خطوط کو واضح کرے ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی گدوال اور جن گاما کو ضلع بنانے کے مطالبہ کی مکمل تائید کرتی ہے ۔