تلنگانہ کے متوقع چیف منسٹر پر مبارکباد ، مناسب عہدوں کے لیے عرضداشتیں
حیدرآباد ۔19 ۔ مئی ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ میں کے سی آر کی زیر قیادت ٹی آر ایس حکومت کی حلف برداری سے قبل اعلیٰ عہدیداروں کی جانب سے متوقع چیف منسٹر سے ملاقات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولیس اور سیول سرویسز سے وابستہ کئی عہدیدار روزانہ چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کیلئے ان کی قیامگاہ پہنچ رہے ہیں۔ گزشتہ دو دن کے دوران اعلیٰ عہدیداروں کا تانتا بندھا ہوا تھا جو پارٹی کی کامیابی پر مبارکباد کے علاوہ اپنے لئے مناسب پوسٹنگ کی سفارش کے ساتھ پہنچے تھے۔ بتایا جاتا ہے کہ سائبر آباد پولیس کمشنر سی بی آنند ، سینئر آئی پی ایس عہدیدار ارونا بہوگنا اور دوسروں نے آج کے سی آر سے ملاقات کی اور علحدہ ریاست کے حصول پر مبارکباد پیش کی ۔ انہوں نے تلنگانہ کی ترقی کے سلسلہ میں ہر ممکن تعاون اور مفید مشوروں سے نوازنے کا تیقن دیا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق چندر شیکھر راؤ سینئر عہدیداروں سے ملاقات کے دوران مختلف محکمہ جات کی کارکردگی سے متعلق معلومات حاصل کر رہے ہیں۔