کے سی آر سیاسی دہشت گرد، منحرف ارکان 420

بھٹی وکرامارکا کی جمہوریت بچاؤ یاترا،عوام کو دھوکہ باز ارکان کے خلاف بغاوت کی اپیل

حیدرآباد ۔ 30۔ اپریل (سیاست نیوز) سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر کے سی آر کو سیاسی دہشت گرد اور پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو 420 قرار دیا ۔ منحرف ارکان اسمبلی کے انتخابی حلقوں میں جاری جمہوریت بچاؤ یاترا کے دوران آج ایلندو میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے چیف منسٹر کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ منحرف ارکان اسمبلی کا حال کچھ اس طرح ہے شادی ایک طرف اور زندگی دوسری طرف ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی سے انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی دراصل 420 ہیں جنہوں نے نہ صرف عوام بلکہ پارٹی کا بھروسہ توڑا ہے ۔ کانگریس کی پالیسیوں پر اعتماد کرتے ہوئے عوام نے انہیں منتخب کیا تھا لیکن کے سی آر کی لالچ کا شکار ہوکر ٹی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی گئی۔ کے سی آر نے سیاسی دہشت گرد کی طرح جمہوریت کا قتل کیا ہے۔ وہ جمہوری اداروں اور سیاسی جماعتوں کو تباہ کر رہے ہیں ۔ کے سی آر کے داماد جمہوریت کیلئے خطرہ ہیں۔ غیر قانونی طریقہ سے کمائی گئی دولت کا استعمال کرتے ہوئے ارکان اسمبلی کو خریدا گیا ۔ ایک پارٹی سے کامیاب ہوکر دوسری پارٹی میں شمولیت اختیار کرنا شرمناک ہے۔ انحراف کرنے والے ارکان اسمبلی کو عوام سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ایلندو کے رکن اسمبلی ہری پریا نائک کو 72000 رائے دہندوں نے منتخب کیا لیکن انہوں نے ٹی آر ایس میں شامل ہوتے ہوئے رائے دہندوں کو دھوکہ دیا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف بغاوت کردیں۔ ان کی قیامگاہوں پر دھرنا منظم کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا کی ذمہ داری ہے کہ وہ جمہوریت کے تحفظ میں اہم رول ادا کریں۔ بھٹی وکرامارکا نے انٹرمیڈیٹ نتائج میں بے قاعدگیوں کی سی بی آئی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ 24 سے زائد طلبہ نے خودکشی کرلی لیکن چیف منسٹر نے پسماندگان کو پرسہ تک نہیں دیا۔ ایلندو میں قبائلی طبقات کی جانب سے بھٹی وکرامارکا کا شاندار استقبال کیا گیا اور انہیں روایتی انداز میں تیر اور کمان پیش کیا گیا ۔