کے سی آر ، تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر متوقع

حیدرآباد۔/26فبروری، ( این ایس ایس ) ٹی آر ایس کے صدر کے چندر شیکھر راؤ جو اب ’بابائے تلنگانہ‘ تصور کئے جانے لگے ہیں بہت ممکن ہے کہ 2014ء کے انتخابات کے بعد نئی ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر بن سکتے ہیں۔ کانگریس میں ٹی آر ایس کے انضمام یا پھر صرف مفاہمت کی صورت میں بھی نئی ریاست کی عنان اقتدار کے سی آر کے سوا کسی اور کو دینے کا کوئی سوال ہی نہیں رہے گا

کیونکہ نہ صرف عوام بلکہ پارٹی کیڈر کی بھی یہ شدید خواہش ہے کہ ٹی آر ایس کے صدر کو ہی نئی ریاست کی تعمیر کے لئے عنان اقتدار دیا جائے۔کے سی آر کی نئی دہلی سے آج شام واپسی کے موقع پر جس انداز میں ان کا پرتپاک استقبال کیا گیا اور ہزاروں افراد ان سے جذباتی وابستگی کا اظہار کرتے ہوئے گن پارک پر جمع ہوئے تھے ان کا اکثر کا خیال ہے کہ ’ گلابی چیتا ‘ کی نئی ریاست تلنگانہ کے پہلے چیف منسٹر کی حیثیت سے تاج پوشی یقینی معلوم ہوتی ہے۔