کے سری ہری کی سکریٹریٹ میں چندرابابو سے ملاقات

حیدرآباد 5 مئی (سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر اُمور تعلیم ریاست تلنگانہ مسٹر کے سری ہری جو سابق میں تلگودیشم پارٹی سے وابستہ تھے، اور تلگودیشم پارٹی سے استعفیٰ دینے کے بعد بحیثیت ڈپٹی چیف منسٹر آج پہلی مرتبہ آندھرا سکریٹریٹ پہونچ کر چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر این چندرابابو نائیڈو سے ملاقات کی۔ اس ملاقات میں اُنھوں نے ورنگل ایانس کمپنی کو دوبارہ آغاز کرنے میں مسٹر نائیڈو سے تعاون کی خواہش کی اور اپیل کی کہ آندھرا سے خام اشیاء ورنگل ایانس کمپنی کو سربراہ کرنے کو یقینی بنائیں۔ مسٹر سری ہری نے آندھراپردیش میں کی جانے والی بوکولیفٹس پیداواری فوڈ کا 50 فیصد سبسیڈی سے تلنگانہ کو سربراہ کرنے کی مسٹر چندرابابو نائیڈو سے خواہش کی۔ ڈپٹی چیف منسٹر کی اس خواہش پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر چندرابو نائیڈو نے ریاست کو درپیش مالی مسائل کے پیش نظر غور کرکے کوئی مثبت فیصلہ کیا جائے گا جبکہ ڈپٹی چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے سری ہری نے کہاکہ ان کی اپیل اور خواہش پر چیف منسٹر آندھراپردیش نے مثبت ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ اس موقع پر مسٹر کے سری ہری کے ہمراہ ورنگل ضلع کے قائدین بھی موجود تھے۔