تمام اسکولس کو انگلش میڈیم میں بدلنے کی بھی تجویز
حیدرآباد ۔ 29 ۔ نومبر : ( آئی این این ) : حکومت تلنگانہ نے کے جی تا پی جی مفت تعلیم کی فراہمی کے انتخابی وعدہ پر عمل آوری کے لیے عوامی رائے حاصل کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ آج چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی زیر صدارت اعلی سطحی اجلاس میں وزیر تعلیم جگدیش ریڈی اور سینئیر آئی اے ایس عہدیدار بشمول آر کے مینا ، شلیجہ ، پردیپ چندرا ، جئیش رنجن ، سومیش کمار ، نرسنگ راؤ ، سریدھر اور سمتھا سبھروال نے شرکت کی ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ سماجی و معاشی موقف سے قطع نظر تلنگانہ کے تمام بچوں کو انگلش میڈیم کے ذریعہ معیاری مفت تعلیم ملنی چاہئے ۔ انہوں نے عہدیداروں کو اس ضمن میں رائے عامہ حاصل کرنے کی ہدایت دی ۔ اس مقصد کے لیے ماہرین ، ماہر تعلیم اور دانشوران کو شامل کرتے ہوئے ورکشاپ منعقد کئے جاسکتے ہیں اور ایکشن پلان تیار کیا جاسکتا ہے ۔ انہوں نے ویلفیر ہاسٹلس میں بھی معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات کی ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ پرائمری اسکول کے طلباء کو تغذیہ بخش غذا اور معیاری تعلیم دونوں ملنے چاہئیں ۔ چیف منسٹر نے ہر منڈل میں دو تا تین رہائشی اسکولس قائم کرنے کی تجویز کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا ۔ یہاں بارہویں جماعت تک تعلیم کا انتظام رہے گا ۔ اس کے علاوہ چوتھی جماعت سے ہی رہائشی اسکولس شروع کرنے کی تجویز ہے ۔ انگلش میڈیم طلباء کے لیے پانچویں تا آٹھویں ریسیڈنشیل اسکولس ، تمام اسکولس کو انگلش میڈیم میں تبدیل کرنے اور تلگو میڈیم طلباء و اساتذہ کو انگلش میڈیم میں تبدیل کرنے کی تجویز پر بھی غور کیا گیا ۔۔