کیپٹن سیدہ سلویٰ فاطمہ اڈوانس تربیت کے لیے نیوزی لینڈروانہ

ملٹی انجن ریٹنگ اور ٹائپ ریٹنگ کورس کی تکمیل پر ملازمت یقینی
حیدرآباد ۔ 26 ۔ ستمبر : ( نمائندہ خصوصی ) : آندھرا پردیش سیول ایویشن اکیڈیمی سے کمرشیل پائلٹ لائسنس ، پرائیوٹ پائلٹ لائسنس اور فلائٹ ریڈیو ٹیلی فون آپریٹر لائسنس حاصل کر کے ہندوستان میں تاریخ رقم کرنے والی کیپٹن سید سلویٰ فاطمہ عنقریب ایک اور کارنامہ انجام دینے والی ہیں ۔ ہمارے تاریخی شہر حیدرآباد فرخندہ بنیاد سے تعلق رکھنے والی سیدہ سلویٰ فاطمہ ملٹی انجن ریٹنگ ٹریننگ کے حصول کی خاطر اتوار کو نیوزی لینڈ روانہ ہوچکی ہیں ۔ جہاں وہ نیوزی لینڈ انٹرنیشنل کمرشیل اکیڈیمی میں 20 یومی کورس میں شرکت کریں گے ۔ واضح رہے کہ ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں نے پرانے شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی سیدہ سلویٰ فاطمہ کو کمرشیل پائلٹ ٹریننگ دلائی تھی اور اس باحوصلہ لڑکی کی مزید تربیت کے لیے چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے مالی امداد کی فراہمی کے لیے نمائندگی بھی کی تھی جس پر چیف منسٹر مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے 36 لاکھ روپئے منظور کئے تھے ۔ اس ضمن میں ٹی آر ایس ایم ایل سی محمد فاروق حسین نے بھی قابل ستائش کردار ادا کیا تھا ۔ سیدہ سلویٰ فاطمہ اپنے شوہر اور بیٹی کے ہمراہ نیوزی لینڈ روانہ ہونے سے قبل ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں سے ملاقات کی ۔ جنہوں نے زندگی کے مختلف شعبوں میں مسلم لڑکیوں کی ترقی کی مثال بنی سلویٰ فاطمہ کی گلپوشی کی اور نیک تمناؤں کا اظہار کیا ۔ سیدہ سلویٰ فاطمہ نے بتایا کہ ملٹی انجن ریٹنگ ٹریننگ 28 ستمبر سے شروع ہوگی اور 12 اکٹوبر کو ختم ہوگی ۔ 14 اکٹوبر کو وہ حیدرآباد واپس ہوجائیں گی ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس کے بعد وہ دوبئی یا بحرین جاکر ٹائپ ریٹنگ کے دو ماہی کورس کی تکمیل کریں گی ۔ جس کے نتیجہ میں وہ کسی بھی ایسے ایرلائنز میں جو ایر بس 320 اور بوئنگ طیاروں کی حامل ہو ملازمت کے لیے درخواست دے سکتی ہے اور ان کا بحیثیت فرسٹ آفیسر تقرر عمل میں آئے گا ۔ یعنی وہ معاون پائلٹ کی حیثیت سے کام کریں گی ۔ اپنی بیٹی کی کامیابی پر سیدہ سلویٰ کے والد جناب سید اشفاق احمد اور والدہ محترمہ سیدہ سراج فاطمہ کافی مسرور ہیں ۔ دونوں سیدہ سلویٰ کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے ایڈیٹر سیاست جناب زاہد علی خاں کے حق میں دعاگو ہیں ۔ آپ کو بتادیں کہ نیوزی لینڈ میں تربیت کے لیے حکومت تلنگانہ سلویٰ فاطمہ کو 36 لاکھ روپئے منظور کیے تھے ۔ امید ہے کہ سیدہ سلویٰ فاطمہ کی کامیابی دوسری لڑکیوں میں نیا عزم و حوصلہ پیدا کرنے کا باعث بنے گی ۔۔