کیوبا میں ایچ آئی وی کا نیا جارحانہ وائرس دریافت

لندن۔ 15؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ ایچ آئی وی کی ایک نئی جارحانہ شکل نے گزشتہ تین سال میں ایڈس کو بہت زیادہ فروغ دیا ہے۔ مریض اتنی تیزی سے روبہ صحت نہیں ہورہے ہیں، جتنا کہ قبل ازیں ہوا کرتے تھے۔ سائنسدانوں کے بموجب کیوبا کے مریضوں میں ایچ آئی وی کا ایک نیا وائرس دیکھا گیا ہے جو اب تک دریافت وائرس کی قسموں سے مختلف ہے اور جارحانہ فطرت رکھتا ہے۔ انسانی خلیوں میں داخلہ سے پہلے یہ ایچ آئی وی وائرس پہلے انسانی جسم پر لنگر انداز ہوتا ہے اور لنگر انداز ہونے کے مقام سے خلیوں کی جھلی میں داخل ہوجاتا ہے۔ عام سمیت میں وائرس پہلے لنگر انداز ہونے کے مقامات کو متاثر کرتا ہے، لیکن نیا وائرس راست خلیوں کی جھلی میں داخل ہوجاتا ہے جس کی وجہ سے ایڈس کے مرض کو تیزی سے فروغ حاصل ہوتا ہے۔ بلجیم کی وبائی امراض کی تجربہ گاہ کولوون کے محققین نے اس کا پتہ چلایا ہے۔