مولانا ڈاکٹر حافظ اسمٰعیل قادری نظامی و پروفیسر محمود عباس کا خطاب
حیدرآباد ؍ کینیڈا۔ 29 مارچ (راست) حضرت شیخ الاسلام حافظ محمد انوار اللہ فاروقی قادری چشتی نقشبندی ؒبانی جامعہ نظامیہ و دائرۃ المعارف العثمانیہ کی صد سالہ عرس تقاریب کے ضمن میں امام بخاریؒ اسلامک ریسرچ سنٹر کی جانب سے جشن شیخ الاسلامؒ منعقد ہوا جس میں مولانا مفتی ڈاکٹر حمیدالدین ازہری نے خطاب کرتے ہوئے حضرت شیخ الاسلام ؒکی علمی اور تحقیقی کاوشوں پر روشنی ڈالی۔ علامہ پروفیسر محمود عباس (کینیڈا) نے کہا کہ حضرت نے مسلمانوں کی درست راہروی اور اصلاح کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ مولانا حافظ و قاری ڈاکٹر اسمعیل شاہ قادری (کامل جامعہ نظامیہ، بانی و صدر امام بخاری اسلامک ریسرچ سنٹر) نے اپنے خطاب میں کہا کہ حضرت شیخ الاسلامؒ نے مسلمانوں کو اچھی فکر درست عقیدہ اور باطل سے مقابلہ آرائی کیلئے تقریباً40 کتب تصنیف فرمائی۔ حضرت شیخ الاسلام ؒجو عالم باعمل، صوفی باصفاء زاہد و متقی تھے ہی آپ اپنی ذات میں خود ایک انجمن کی حیثیت سے جانے جاتے ہیں۔ حضرت شیخ الاسلام ؒ کے تلامزہ نے بھی اپنی علمی و تحقیقی خدمات سے عالم اسلام کو منور کیا ہے چنانچہ حضرت سید عبداللہ شاہ محدث دکنؒ نے فقہ حنفی کی مشکوۃ زجاجۃ المصابیح ترتیب فرمائی اور حضرت ابوفاء محمود افغانی ؒ نے فقہ حنفی کی ساری کتب کا ایک خاص کتب خانہ اور ایک تحقیقی ادارہ بنام احیاء المعارف النعمانیہ قائم کیا۔ خود حضرت نے قدیم عربی کتب کی تحقیق، تصحیح و تنقیح کے بعد اشاعت کیلئے مخصوص ادارۂ دائرۃ المعارف العثمانیہ قائم کیا۔ جلسہ کا آغاز مولانا ڈاکٹر حمیداللہ ازہری کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ عالمی شہرت یافتہ مقبول و معروف ثناء خواں رسول سید فصیح الدین سہروردی قبلہ سہروردیہ نعت فاؤنڈیشن کی نعت و سلام پر جلسہ کا اختتام عمل میں آیا۔