اوٹاوا، 2 فروری (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کے وزیر اعظم جسٹن ٹروڈیو نے آج اپنی انتخابی مہم کے دوران کئے گئے وعدے ‘ملک کے انتخابی نظام میں تبدیلی اور اصلاح’ کے منصوبے کو فی الحال مسترد کر دیا ہے ۔ان دنوں بہت سے تنازعات کا سامنا کر نے والے مسٹر ٹروڈیو نے کہا کہ کینیڈا میں لوگوں کے درمیان اس مسئلے پر ایک رائے نہیں ہے ۔ لوگ اس بات پر بھی تذبذب میں ہیں کہ موجودہ انتخابی نظام کو اگر بدلا گیا تو اس کے بدلے کیسا نظام اپنایا جائے گا۔ ہمیں اس معاملے پر آگے بڑھنے کا کوئی واضح راستہ نہیں مل رہا ہے ۔ایسا کچھ بھی کرنا لاپرواہی کا اقدام تصور کیا جائے گا جس سے عوام کو نقصان ہو سکتا ہے۔ واضح رہے کہ مسٹر ٹروڈیو نے 2015 میں اپنے انتخابی مہم کے دوران ملک میں انتخابی نظام میں بڑی تبدیلی کا وعد ہ کیا تھا۔ انہوں نے ملک میں 2019 میں ہونے والے عام انتخابات میں انتخابی اصلاحات کے تحت نئے انتخابی نظام اپنا ئے جانے کا وعدہ کیا تھا۔ ان اصلاحات کے بعد ملک کو چھوٹی جماعتوں خاص طور پر گرین پارٹی کو فائدہ پہنچنے کا امکان تھا۔ گرین پارٹی گزشتہ انتخابات میں صرف ایک ہی نشست حاصل کر پائی تھی۔