کینیڈا میں آئی ایس میں شمولیت کیلئے سرگرداں 10 نوجوان گرفتار

ٹورونٹو ، 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا کی پولیس نے 10 ایسے نوجوانوں کو گرفتار کر لیا ہے جن پر شبہ ہے کہ وہ عسکریت پسند تنظیم اسلامک اسٹیٹ (آئی ایس) میں شمولیت کیلئے ملک چھوڑنا چاہتے تھے۔ پولیس نے ان افراد کو گزشتہ ہفتے کے اواخر میں مانٹریال انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے گرفتار کیا اور ان کے پاسپورٹ ضبط کر لئے گئے۔ پولیس کے مطابق ابھی ان افراد پر باقاعدہ الزامات عائد نہیں کئے گئے جبکہ ان کے اہل خانہ سے پوچھ گچھ جاری ہے۔ فرانسیسی نیوز ایجنسی ’اے ایف پی‘ کے مطابق چند ماہ قبل بھی پانچ نوجوان لڑکے اور دو لڑکیاں مانٹریال سے روانہ ہو کر ممکنہ طور پر شام اور عراق میں سرگرم شدت پسند گروپ آئی ایس کے ساتھ جا ملے تھے۔