کینیڈا ،ہندوستان کو 3 ہزار میٹرک ٹن یورینیم سربراہ کریگا وزرائے اعظم ہند۔کینیڈا کی مشترکہ پریس کانفرنس

اوٹاوہ۔ 15 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) کینیڈا نے آج اتفاق کیا کہ برقی توانائی کی قلت کا شکار ہندوستان کو 3,000 میٹرک ٹن یورینیم سربراہ کرے گا۔ اس سلسلے میں 25 کروڑ 40 لاکھ مالیتی پانچ سالہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان کیا جاچکا ہے۔ کیمکو کارپوریشن پانچ سال کی مدت میں ہندوستان کو 3 ہزار میٹرک ٹن یورینیم سربراہ کرے گا۔ وزیراعظم کینیڈا اسٹیفن ہارپر کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں وزیراعظم نریندر مودی نے جو کینیڈا کے دورہ پر ہیں، اس کا انکشاف کیا اور کہا کہ یورینیم کی خریداری کا کینیڈا کے ساتھ معاہدہ ہوچکا ہے جس سے دونوں ممالک کے باہمی اعتماد میں نمایاں اضافہ ہوگا۔ وزیراعظم کینیڈا نے کہا کہ غیرضروری طور پر دونوں ممالک کے تعلقات کافی عرصہ تک جمود کا شکار رہے۔ موجودہ معاہدہ ہندوستان کی صاف ستھری برقی توانائی بڑھتی ہوئی طلب کی تکمیل کرے گا۔ کینیڈا نے 1970ء کی دہائی سے ہندوستان کو یورینیم کی سربراہی پر امتناع عائد کردیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات میں اضافہ کے زبردست امکانات ہیں اور دونوں ممالک ایسا کرنے کے پابند ہیں۔

نریندر مودی کینیڈا کے تین روزہ دورہ پر ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم کینیڈا سے باہمی دلچسپی کے کئی موضوعات بشمول دہشت گردی، برقی توانائی، انفراسٹرکچر، پیداوار، مہارتوں، اسمارٹ سٹیز، زرعی صنعتوں، تحقیق و تعلیمات کے شعبوں میں باہمی تعاون میں اضافہ سے اتفاق کیا۔ نریندر مودی نے کہا کہ دہشت گردی کا خطرہ بڑھتا جارہا ہے، اس کے سایے دنیا بھر کے شہروں اور انسانی زندگیوں پر پڑ رہے ہیں اس لئے ایک جامع عالمی حکمت عملی تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ اقوام متحدہ کو اس سلسلے میں ایک قرارداد منظور کرتے ہوئے متحدہ طور پر دہشت گردی کے خلاف جنگ کی اپیل کرنی چاہئے۔ انہوں نے ادعا کیا کہ ہندوستانی پارلیمنٹ جمہوریت کا مندر ہے اور ہندوستان جمہوریت کے تحفظ کیلئے سب کچھ کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں کھلا ، قابل قیاس، مستحکم اور کاروبار کیلئے آسان ماحول موجود ہے۔ سابقہ ماحول تبدیل ہوچکا ہے۔
انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ باہمی سرمایہ کاری کو فروغ حاصل ہوگا اور تحفظ کے معاہدہ پر عنقریب دستخط کئے جائیں گے۔ خلا کے شعبہ میں باہمی تعاون کے بارے میں وزیراعظم نے کہا کہ دونوں ممالک میں بے انتہا ہم آہنگی ہے اور دفاعی اور صیانتی تعاون میں اضافہ سے دونوں ممالک اتفاق کرچکے ہیں۔ وزیراعظم کے اعزاز میں کل وزیراعظم کینیڈا اسٹیفن ہارپر ایک عشائیہ کا اہتمام کررہے ہیں۔