کیلیفورنیا میں کشتی کو حادثہ، 4 افراد ہلاک، ایک شخص زندہ بچ گیا

سان فرانسسکو۔ 2؍نومبر (سیاست ڈاٹ کام)۔ کیلیفورنیا کے ساحل کے قریب ایک کشتی کے ڈرامائی حادثہ میں کم از کم 4 افراد ہلاک ہوگئے جب کہ ایک شخص کرشماتی طور پر زندہ بچ گیا۔ خانگی ماہی گیر کشتی ایک تیز رفتار سمندری موج کی وجہ سے خلیج بوڈیگا میں اُلٹ گئی تھی۔ مہلوکین میں 3 مرد اور ایک خاتون شامل ہیں۔ امریکی ساحلی محافظین نے 4 افراد کی نعشوں کو پانی سے برآمد کرلیا۔ ایک شخص کرشماتی طور پر زندہ بچ گیا اور ہاسپٹل میں زیر علاج ہے۔ شیرف کے محکمہ کے ہیلی کاپٹر نے تاہم اس شخص کو جس کی عمر 66 سال اور نام فلپ سانچیز ہے، بوڈیگا پہاڑ پر سے زدہ بچالیا۔ یہ شخص ایک ٹی شرٹ اور جینس میں ملبوس تھا اور لائف جیکٹ باندھے ہوئے تھا۔ اسے معمولی سے زخم اور خراشیں آئیں جو غالباً پہاڑ کے نیچے کے پتھروں سے رگڑ کھانے کا نتیجہ ہیں، تاہم شدت کی سردی کے باوجود یہ شخص زندہ بچ گیا اور فی الحال دواخانہ میں شریک ہے۔